• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے اعلان نے خطے کو نئی آگ میں جھونک دیا، پیوٹن ،ایردوان، اسرائیلی فورسز کی فلسطینی مظاہرے پر فائرنگ، متعدد زخمی

انقرہ ، مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز) روسی صدر ولادی میرپیوٹن اور ان کےترک ہم منصب رجب طیب ایردوان نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔انقرہ میں دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر پیوٹن اور ایردوآن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ پہلے ہی کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنا اس کشیدگی کو بڑھاوا دے سکتا ہے۔صدر پیوٹن نے کہا کہ روس اور ترکی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کے حوالے سے ایک صفحے پر ہیں۔ دونوں ملکوں کا موقف یہ ہے کہ ٹرمپ کے اقدام سے خطے میں امن و استحکام میں نہ صرف کوئی مدد نہیں مل سکتی بلکہ اس طرح کے اقدامات صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔اس موقع پر ترک صدر نے کہا کہ اسرائیل جلتی پر تیل چھڑک رہا ہے۔اسرائیل نے امریکی اقدام کو فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کے استعمال اور دباؤ کے لیے ایک نیا موقع سمجھ لیا۔ ترک صدرنے کہا کہ اسرائیل نے القدس کو مسلمانوں اور دوسرے مذاہب کے پیرو کاروں کی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونیوں کو بے گناہوں کے خون سے ہاتھ نہیں رنگنے دیں گے۔ ترکی سنہ 1967ء کی حدود میں مشرقی بیت المقدس کے دارالحکومت پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدو جہد جاری رکھے گا۔دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ، مغربی کنارے، مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت فلسطین کے کئی علاقوںمیں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، اسرائیلی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 27افراد زخمی ہوگئے ، برسلز میں یورپی یونین کے دفتر کے باہر اسرائیلی وزیراعظم کی آمد پر احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے اسرائیل مخالف نعرے لگائے اور بنیامن نتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیا۔بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں بھی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ احتجاج کی کال سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے دی گئی تھی ۔علاوہ ازیں اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب ارکان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے ۔ بحث کے دوران عرب ارکان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو جنگی مجرم ہیں جبکہ اس موقع پر اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عرب ارکان پارلیمنٹ خود جنگی مجرم ہیں ۔ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف احتجاج کا سلسلہ مسلم ممالک سے ہوتا ہوا لاطینی امریکی ممالک تک پہنچ گیا،چلی میں شہریوں نے امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔ذ
تازہ ترین