• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سیاست شعبدہ باز سیاستدانوں کے گرد گھوم رہی ہے، غلام نبی عامر

لندن (پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ و یورپ کے جنرل سیکرٹری غلام نبی عامر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی سیاست کئی دہائیوں سے ایسے سیاسی رہنمائوں کے گرد گھوم رہی ہے جن میں زیادہ تر لوٹ کھسوٹ کرنے والے اور اپنی ہی قوم کو لاشوں کے تحفے دینے والے ہیں۔ ان کی شعبدہ بازیوں کی وجہ سے بااصول اور باکردار سیاستدانوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ان سیاسی شعبدہ بازوں میں ایک کردار ایک عرصہ سے دیارغیر میں بیٹھا پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے اور دنیا میں ہر سطح پر پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے رسوائی کا باعث بنا ہوا ہے۔ خصوصاً کراچی کو ایسے پیش کیا جارہا ہے کہ جیسے یہ شہر اہالیان کراچی کے لیے تنگ کردیا گیا ہو۔ اس کی جماعت نے ہمیشہ اپنے ہی کارکنوں کے خون کا سودا کیا ہے اور آج بھی پارٹی کے وہ مظلوم کارکن جو ایسی لیڈر کی حیوانیت کی بھینٹ چڑھ گئے اور جہان فانی سے کوچ کرگئے ان کی شہادت کا خراج مانگ رہا ہے۔ ان کارکنوں کے قاتل کون تھے جنہیں یہ شخص قاتل کہتا تھا وہ آج بھی اس کی پارٹی کے ذمہ دار ہیں۔ جن پارٹیوں پر یہ الزام لگاتا تھا انہی پارٹیوں کے ساتھ مل کر اس نے اقتدار کے مزے لوٹے ہیں۔ آج کس منہ سے یہ یوم شہدا کی صدا لگاتا ہے۔ پاکستان کی سیاست میں جب سے سید مصطفیٰ کمال اور انیس احمد قائم خانی نے آواز حق بلند کی ہے اس روز سے اس بدکردار سیاستدان کی نیندیں حرام ہیں اور اپنی اس مخبوط الحواسی میں یہ پاکستان کو بدنام کررہا ہے۔ مگر اب سندھ کے شہری عوام اس کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
تازہ ترین