• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنظیم الصراۃ کے زیراہتمام غیر مسلم کمیونٹی میں میلاد النبیؐ کے کارڈ اور پھولوں کی تقسیم

برمنگھم (ابرار مغل) جامع حضرت سخی سلطان باہو کی رفاعی و فکری تنظیم الصراۃ کے زیراہتمام نبی کریمؐ کے میلاد کی خوشی میں اور پیغام امن کو غیر مسلم کمیونٹی تک پہنچانے کے لیے برمنگھم سٹی کونسل میں پھول اور میلاد کارڈ تقسیم کیے گئے۔ علامہ حاجی منیر عاصم کی قیادت اور علامہ مفتی عامر کی نگرانی میں الصراۃ کے درجنوں رضاکاروں نے ہزاروں پھول اور میلاد کارڈ برمنگھم سٹی سینٹر میں غیر مسلموں میں تقسیم کیے۔ ان رضاکاروں میں خواتین بھی شامل تھیں۔ رضاکاروں محمد عثمان، احمد رضا اور دیگر نے مسکراہٹ اور محبت کے ساتھ غیر مسلموں کو نبی کریمؐ کی ولادت کی خوشی میں مٹھائی بھی دی۔ سٹی سینٹر میں خصوصی کائونٹر قائم کرکے ہزاروں گزرنے والوں میں گلاب کے پھول اور پیغام امن پر مبنی خصوصی کارڈ دینے کا مقصد غیر مسلموں کو اس خوشی میں شریک کرکے انہیں اسلام کی دعوت دینا تھا۔ شدید سردی اور برف باری کے باوجود درجنوں رضاکاروں نے گرم جوشی اور انتہائی احترام و محبت سے گزرنے والوں کو پھول پیش کرکے اسلام کے بارے میں بتایا کہ نبی کریمؐ پوری کائنات کے لیے رحمت اللعالمین بن کر آئے۔ ان کا پیغام امن و محبت اور عالمی مساوات ہے۔ اس موقع پر گزرنے والوں نے بھی انتہائی مہذب انداز میں پھول، کارڈ اور مٹھائی قبول کرکے نبی کریمؐ کی ولادت کی مبارکباد بھی دی۔ حاجی منیر عاصم اور محمد عثمان نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی شدید برف باری اور سردی کے باوجود الصراۃ کے زیراہتمام منفرد انداز میں نبی کریمؐ کی ولادت کا جشن منایا ہے اور اس جشن اور خوشی میں غیر مسلموں کو بھی شریک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سلطان باہو ٹرسٹ حقیقی معنوں میں اسلام کی اشاعت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ ہم نے ہمیشہ مختلف مذہبی تہواروں پر غیر مسلموں کو بھی مدعو کیا ہے تاکہ وہ اسلام کی حقیقت سے واقف ہوسکیں۔
تازہ ترین