• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامک ریلیف کو سردی میں جان بچانےمیں مدد گاررضاکاروں کی ضرورت

لندن( پ ر) اسلامک ریلیف لندن کو سٹاک پورٹ لندن میں اس سال ’’ونٹر سروائیول کیمپ‘‘ کیلئے شدید سردی کے دوران لوگوں کی جانیں بچانے میں مدد دینے والے رضاکاروں کی ضرورت ہے ،اس کام میں حصہ لینے والوں کو پورے موسم سرما کے دوران روزانہ پوری دنیا سے آنے والے پناہ گزینوںکی مدد کرنے کی آزمائش سے گزرنا پڑے گا۔ 24گھنٹے نامساعد حالات میں رہنا، خیمے میں سونا اور پناہ گزینوں کوفراہم کئے جانے والے معمولی راشن پر ہی گزارا کرنا پڑیگا۔اس کام میں شریک ہونے کے خواہاں ہر رضاکار کوکم از کم 175پونڈ کے عطیات جمع کرناہوں گے اس سال اس طرح جمع ہونے والی رقم افغانستان،شام اورعراق کے پناہ گزینوں کی مدد پر خرچ کی جائے گی۔اسلامک ریلیف کوامید ہے کہ سروائیول کیمپ میں شریک ہونے والوں کے ذریعہ 10ہزار پونڈ جمع ہوجائیں گے اسلامک ریلیف کے نیشنل کمیونٹی فنڈ ریزنگ منیجر ضیا سالک کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہمارے پناہ گزین صرف 24گھنٹے سروائیول کیمپ میں رہیں گے لیکن یہ کوئی معمولی چیلنج نہیں ہے۔اس کام میں حصہ لینے والے رضاکاروں کوبعض ایسے تجربات سے گزرنا پڑے گا پناہ گزینوں کوروزانہ جس کاسامنا کرنا پڑتاہے۔انھوں نے بتایا کہ اس طرح جمع کی جانے والی تمام رقم اسلامک ریلیف کے زندگی بچانے کے کاموں پر صرف کی جائے گی،ہر جمع ہونے والے 175پونڈ سے ایک فیملی کو ایک ماہ تک خوراک فراہم کی جاسکتی ہے۔ہم اس کے ذریعے ضرورت مندوں کو کمبل ، گدے، اور گرم کپڑے بھی فراہم کرسکیں گے،اس کیمپ میں شریک ہونے والے بہت سے لوگوں کو زندگی اور موت کافرق معلوم ہوسکے گا۔گزشتہ سال سروائیول کیمپ کے ذریعہ 15ہزار پونڈ جمع کئے گئے تھے۔اس کیمپ میں شرکت کیلئے جمعہ 15اورہفتہ16 دسمبر کو مارپل گرین ،اولڈ نو روڈ پر صبح11 بجے کیمپ قائم کیاجائے گا مزید تفصیلات اسلامک ریلیف کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
تازہ ترین