• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپال میں مائو نواز اتحاد کی کامیابی ، بھارت کیلئے بری خبر

کھٹمنڈو (جنگ نیوز) بھارت کے پڑوسی ملک نیپال میں ہوئے عام انتخابات میں بائیں بازو کے ماؤ نوازاتحاد کی شاندار کامیابی کو بھارت کے لیے بری خبر قرار دیا جا رہا ہے اور آئندہ حکومت کے چین کی جانب یقینی جھکاؤ نے نئی دہلی کی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔ہمالیائی ریاست نیپال میں سات دسمبر کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں بائیں بازو کی کمیونسٹ ماؤ نواز اتحا د نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی جلد ہی ملک کا اقتدار سنبھال لیں گے جو حالیہ عرصے میں چین کے کافی قریبی آگئے ہیں۔اسٹریٹیجک امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیپال کی نئی حکومت بھارت کی قیمت پر چین کے ساتھ نئے سرے سے دوستی کا ہاتھ بڑھاسکتی ہے اور یہ بھارت کی خارجہ پالیسی کے لیئے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔سابق خارجہ سیکرٹری کنول سبل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اتحاد کے اقتدار میں آنے اور بالخصوذص اولی کے وزیر اعظم بننے کے بعد نیپال کے ساتھ بھارت کو اپنے سفارتی تعلقات کو بہتر رکھنا کافی مشکل اور پیچیدہ ہوجائے گا۔
تازہ ترین