• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کا پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس برقرار رکھنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلن برنس نے کہا ہے کہ برطانیہ جی ایس پی پلس کو برقرار رکھے گا ،برطانوی حکومت نے یہ وعدہ کیا ہے کہ جب وہ یورپی یونین کو چھوڑے گا تو پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس کومزید بہتر نہ بھی بنایا گیا تو اسے برقرارضرورکھا جائے گا۔ ہم جی ایس پی پلس کے انتظامات کو یقینی بنانے پر اتفاق کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین وسابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی،سینئر وائس چیئرمین زبیر موتی والا، کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک،سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق،نائب صدر ریحان حنیف،چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز و ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی سہیل امین، سابق صدور کے سی سی آئی مجید عزیز،عبداللہ ذکی اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔برطانیہ کے تجارت کے سینئر وزیر نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر جی ایس پی پلس کے پاکستان کے انتظامات کے لیے برطانیہ کی کمیٹی کا بھی اعلان کیا تھا۔برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہاکہ برطانوی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کی خواہش مند ہے۔ ہم نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود اپنی تجارتی ٹیموں میں اضافہ کیا ہے جو پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کوفروغ دینے کی خواہش کا مظہر ہے۔ برطانوی حکومت نے برآمدی فنڈنگ بھی دگنی کرتے ہوئے 200ملین پاؤنڈ سے بڑھا کر 400ملین ڈالر کردی ہے جو ایک بڑی رقم ہے جس سے ایسی برٹش کمپنیاں مستفید ہوں گی جو پاکستان میں کاروبار کرنے کی خواہش مند ہیں۔اس موقع پر بی ایم جی کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہاکہ کراچی والوں اور پاکستانیوں کے برطانیہ کے ساتھ بہت مضبوط روابط ہیں ۔بی ایم جی کے وائس چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت کے بے پناہ مواقع اور ممکنات موجود ہیں لیکن موجودہ تجارتی حجم جو نہ ہو نے کے برابر ہے ۔قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک نے اپنی خیرمقدمی کلمات میں کہاکہ امن ومان کی بہتر ہوتی صورتحال اور سی پیک ، گوادر بندرگاہ کی تکمیل سے یہ خطہ دنیا کے مختلف حصوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرلے گا۔
تازہ ترین