• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے بغیر تیز رفتار ترقی ممکن نہیں، محمدزبیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لئے کراچی شہر میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی شو کیس ثابت ہوگی ،یہ بات انھوں نے گورنر ہاوس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔دریں اثنا فرانس کے سینیٹر پاسکل ایلیزرڈ کی قیادت میں آنے والے 3 رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فرانس دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے بھر پور اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم سےملاقات میں جاری صورتحال و ترقیاتی منصوبوں گرین لائن ،M-9 موٹر وے ،لیاری ایکسپریس وے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے بغیر تیز رفتار ترقی اور سی پیک منصوبہ کی افادیت سے استفادہ حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے صوبہ میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا کہ صوبہ کی ترقی سے عوام کو معیار زندگی بھی بہتر ہو گا اس ضمن میں گورنر سندھ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اسی وژن کے تحت سب کو کام کرنا چاہئے۔دریں اثنا فرانس کے سینیٹر پاسکل ایلیزرڈ کی قیادت میں آنے والے 3 رکنی وفد نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کی۔اس موقع پر فرانس کے قونصل جنرل فرینکوئس ڈالرسو اورسینیٹر گیسیل جورڈابھی موجود تھے ۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ فرانس کے سرمایہ کاروں کی اقتصادی راہداری منصوبہ میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے،مشترکہ مفاد ات کا تحفظ ، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے ،لوگوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور خطہ سے غربت کا خاتمہ پاکستا ن کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں پاک فرانس دوطرفہ تعلقات اہم ثابت ہونگے۔
تازہ ترین