• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کو بھی جنسی ہراساں کیا جانا ٹھیک نہیں،عامر خان

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک)’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ جیسی فلموں میں خواتین کی اہمیت و خودمختاری کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کرنے والے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ کسی کو بھی جنسی طور پر ہراساں کیا جانا کسی بھی حوالے سے درست نہیں۔خیال رہے کہ عامرخان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا جب کہ ان کی فلموں ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں اداکاری کرنے والی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق عامر خان نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد معاشرے میں صنفی تفریق کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں، اور نہ ہی اسے صرف ہندوستان تک محدود سمجھا جاسکتا ہے۔عامر خان کا کہنا تھا کہ چوں کہ مرد حضرات شروع سے ہی طاقتور سمجھے جاتے رہے ہیں، اس لیے یہ مسئلہ بھی پرانا ہے۔عامر خان نے وضاحت کی کہ ’کسی بھی انسان پر پیار کرنے کی پابندی نہیں لگائی جاسکتی، اور نہ ہی اسے اظہار محبت سے روکا جاسکتا ہے، تاہم کسی طرح بھی جسمانی و جنسی تشدد محبت کے زمرے میں نہیں آتے۔خیال رہے کہ عامر خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ میں موجود ہیں۔
تازہ ترین