• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عقیدہ ختم نبوت پر کوئی لچک برداشت نہیں کر ینگے، پیر فیاض الحسن

لندن (مجتبیٰ علی شاہ) حضرت سلطان باہو ٹرسٹ کے چیئرمین پیر فیاض الحسن نے کہا ہے کہ ہم ختم نبوت کے معاملےپر کبھی بھی کوئی معاہدہ، تبدیلی یا کسی قسم کی لچک برداشت نہیں کریں گے اور یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر فیاض الحسن نے لندن میں سماجی رہنما عارف مغل ایڈووکیٹ کی طرف سے منعقدہ پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جن لوگوں نے ختم نبوت جیسے معاملے کو چھیڑا ایسے لوگ پاکستان کے امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔ ہمیں ان لوگوں کا محاسبہ کرنا ہوگا تاکہ ایسے واقعات مزید پیدا نہ ہوں۔ جب ہم ختم نبوت پر کمپرومائز کریں گے تو پھر ہم مسلمان کہلانے کے لائق نہیں۔ دھرنوں میں گالی گلوچ کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور اس طرح کی زبان کبھی ہماری پہچان نہیں ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل لائرز کلب یوکے کے چیئرمین رضوان سلہریا نے کہا ہےپاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ اس طرح کے حساس معاملات کو چھیڑنے والے لوگ پاکستان کے اندر افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں جو بالکل غلط ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ چوہدری عرفان معروف کاروباری شخصیت نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے ختم نبوت کی ترمیم میں جن لوگوں کا کردار تھا ان کو عہدوں سے فارغ کیا اور ختم نبوت معاملہ پر مکمل ساتھ دیا مگر دوسری جماعتوں نے جن لوگوں نے پارلیمنٹ کے اندر اس بل پر دستخط کئے ان کو بھی عدالت اور قانون کے کٹھہرے میں لانا چاہئے تاکہ یہ کالی بھیڑیں سامنے آسکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملہ میں ہم سب ایک ہیں۔ دھرنوں کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں مگر جو زبان استعمال کی تھی وہ ناقابل قبول ہے۔ ہمارے پیارے نبیﷺ کی تعلیمات میں گالی گلوچ باکل بھی نہیں ہے۔ تمام علمائے کرام اور کمیونٹی مکمل طور پر یکجا ہیں اور ہم مستقبل میں بھی ختم نبوت کے کسی بھی معاملے جس میں کوئی تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی ہم قبول نہیں کریں گے۔ تقریب میں بیرسٹر گل نواز، چوہدری دلپذیر،قاری طارق، راشد خان، جاوید اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین