• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی چیمپئن حمزہ اکبر کی اوپن ورلڈ سنوکر کے پہلے میچ میں کامیابی

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ایشین سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر نے گلاسگو میں منعقد ہونے والے2017ء اوپن ورلڈ سنوکر کے پہلے میچ میں اپنے حریف آئرلینڈ کے کھلاڑی کو ایک کے مقابلے میں چار سیٹس سے شکست دے دی۔ امارت ایرینا میں ہونے والے ان بین الاقوامی مقابلوں میں دنیا کے مختلف ممالک سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مقابلے ناک آئوٹ بنیادوں پر ہو رہے ہیں۔19سالہ حمزہ اکبر کا تعلق پاکستان میں فیصل آباد سے ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کے شہر کوالمپور میں31ویں سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے عالمی امیچور چیمپئن پنکج اورانی کو ایک سخت مقابلے میں ہرا کر ایشین سنوکر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ حمزہ اکبر کی جیت میں گلاسگو کی ممتاز کاروباری شخصیت پرنس وسیم نے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ اکبر نے کہا کہ پاکستان میں سنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور اب یہ عام افراد میں گلی کوچوں میں گیم بن گئی ہے۔ اگر حکومت پاکستان اور دیگر ادارے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں، بڑے ادارے ان کو ملازمتیں دیں، جیسے کے نیشنل بینک نے ان کو دی ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ سنوکر کے پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام سربلند نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سنوکر اینڈ بلیرڈ فیڈریشن کو بھی اولمپک گیمز سے الحاق کرنے کی ضرورت ہے۔ حمزہ اکبر نے بتایا کہ وہ اپنے ذاتی اخراجات پر سنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں جوکہ ان کے لئے خاصا مشکل کام ہے اور وہ اپنی تمام جمع شدہ پونجی ان گیمز میں حصہ لینے کے لئے لگا چکے ہیں۔ حمزہ نے کہا کہ سنوکر اب ان کی زندگی بن چکی ہے اور انشاء اللہ وہ ایک دن عالمی کپ بھی پاکستان لے کر آئیں گے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں1998ء میں محمد یوسف نے ایشین سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی۔
تازہ ترین