• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں اداروں کی حالت خراب، عوام مسائل کا شکار ہیں، ساجد امتیاز

برسلز (نمائندہ جنگ)برسلز کی ممتاز سیاسی سماجی شخصیت سردار ساجد امتیاز جو ان دنوں نجی دورہ پر پنجیڑہ باغ (آزاد کشمیر) گئے ہوئے ہیں، نے بذریعہ ٹیلی فون نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ریاست آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کی ناگفتہ بہ حالات پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر کے حالات اور سرکاری اداروں کی حالت زار نہ صرف قابل افسوس ہے بلکہ عوام مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں  نےکہا کہ آزاد کشمیر کے وزراء اور حکام بے فکر ہیں اور انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سردار ساجد امتیاز نے کہا کہ ریاست آزاد کشمیر میں فوری طور پر صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ڈاکومنٹس کی تصدیق انتہائی مشکل کام ہے خصوصاً تحصیلداروں سے کام کرانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور اہلکاروں نے کمپیوٹرائزڈ نظام نہ ہونے کی وجہ سے اداروں کو بدعنوانی کی آماجگاہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے انفراسٹرکچر کو بہتر خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریاست کے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے بہت سے مسائل کا شکار ہو کر انتہائی قدم اٹھانے اور بعض نشے کی لت میں اپنی زندگیاں برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ غریب مزید غریب تر اور امیر مزید امیر تر ہوتا جارہا ہے۔ ملک کے اندر مثبت اور اجتماعی سوچ کے فقدان نے ریاست کو خطرناک دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی سہولیات اور معاشی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کیلئے کلیدی اقدامات اٹھائیں اور سرکاری و غیرسرکاری محکموں کو یورپی طرز پر کرنے کیلئے کمپیوٹرئزڈ نظام کو رائج کریں۔ انہوں نے ریاست آزاد کشمیر کے عوام کو بھی عندیہ دیا کہ وہ بھی اپنے ووٹ کی طاقت سے اہل اور ایماندار قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں اور ملک کی سلامتی اور سربلندی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں۔
تازہ ترین