• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائٹ، گیس لائن دھماکے سے پھٹ گئی، آگ سے جھلس کر 11 افراد زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا میں کچرا کنڈی میں لگنے والی آگ سے گیس لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی ،جبکہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آکربچے اور خواتین سمیت 11 افرادزخمی اور 3رکشے اورایک گاڑی بھی جل گئی ،لیاری فائر اسٹیشن کی ایک گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ،تفصیلات کے مطابق سائٹ اے کے علاقے میٹروول باب خیبر کے قریب قائم کچرا کنڈی میں لگی آگ سے زیر زمین گزرنے والی گیس لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی ،دھماکے کی آواز اور خوفناک شعلوں سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ،دھماکے و آگ کی اطلاع پر پولیس و رینجرز کے ساتھ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد محکمہ سوئی گیس کو واقعے کی اطلاع دی جس پر سوئی گیس حکام نے فوری طور پر گیس کی سپلائی بند کردی جس کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا لیکن سائٹ فائر اسٹیشن میں گاڑی کی عدم موجودگی کی وجہ سے لیاری اسٹیشن سے گاڑی منگوائی گئی جو کہ کافی تاخیر سے موقع پر پہنچی ،پولیس نے بتایا کہ ایک گاڑی کی مدد سے آگ پرایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا ،جبکہ آگ کے خوفناک شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جھلس گئے جن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس نے مزید بتایا کہ ٓگ کی لپیٹ میں آنے سے قریب کھڑے ہو ئے 3رکشے بھی جل گئے ،پولیس کا کہنا ہےکہ جھلسنےوالوں2 سالہ محمد نفیس علی ، 2 سالہ ہاشم ، 34 سالہ نوشین، 50 سالہ کفایت ،40 سالہ پروین، 28 سالہ شیر اللہ، 35 سالہ جاوید، 40 سالہ ایوب، 18 سالہ حضرت عمر اور 25 سالہ امجد کے ناموں سے ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ جس طرح کا دھماکہ اور آگ لگی تھی بڑے جانی اور مالی نقصان کا خدشہ تھا لیکن سوئی گیس حکام کی بروقت کارروائی کے سبب بڑے سانحہ کو روک لیا گیا۔
تازہ ترین