• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین پر تشدد، کاروکاری اور دیگر جرائم میں واضح کمی آئی، معاون خصوصی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خصوصی تعلیم ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے لیے جتنا کام ہوا اتنا کام پاکستان کی کسی اور اسمبلی میں نہیں ہوا، خواتین پر تشدد سے متعلق بل منظور کرایا گیا لیکن جب تک سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات ملکر اس ضمن میں کام نہیں کریں گے انسانی حقوق کی مکمل پاسداری کو ممکن نہیں بنایا جاسکتا نہ ہی معاشرے سے انسانی حقوق کی پامالی وخواتین پر تشدد کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوشوں سے خواتین پر تشدد، کاروکاری اور دیگر جرائم میں واضح کمی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس حیدرآباد کے دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کے تخریبی سوچ رکھنے والے افراد خواتین کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، ان لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی پکڑ بھی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس ضمن میں مکمل طور پر آئین کی پاسداری کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے آج کے دورے کا مقصد حیدرآباد کے انسانی حقوق کے دفتر کو مکمل طور پر فعال بنانا ہے، اس سلسلے میں کمشنر حیدرآباد اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں جن پرخصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین