• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو روٹ کارکردگی پرمضطرب، انگلینڈ سے جاندار کھیل کا مطالبہ

پرتھ ( جنگ نیوز) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ دورئہ آسٹریلیا کے اب تک کے نتائج پر بہت مضطرب ہیں ۔ اب ان کی ٹیم پرتھ کے واکا اسٹیڈیم میں تیسرے ایشز ٹیسٹ کی تیاری کررہی ہے، جہاں انگلینڈ گزشتہ سات ٹیسٹ میچز ہار چکا ہے۔ ایک اور شکست انہیں ایشز سے محروم کردیگی، اس تناظر میں انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ زندگی کے سب سے بڑے کھیل کیلئے تیا ر ہوجائیں ۔ ایشز سیریز میں انگلینڈ کو امید قائم رکھنے کیلئے پرتھ میں ہر حال میں شکست سے بچنا ہے ۔ مایوسی کا لفظ جوروٹ کے نام کیساتھ ان دنوں جڑ گیا ہے ۔ جس کی کئی وجوہات ہیں ۔ اول یہ جاری ایشز سیریز میں ان کی ٹیم ہاتھوں دو صفر کے خسارے میں ہے ۔ لیکن اس کے باوجود ان کا زیادہ تر وقت ٹیم کی کارکردگی کے بجائے شراب نوشی پر بات کرتے ہوئے گزرتا ہے ۔ کچھ کھلاڑیوں نے بیوقوفانہ حرکتوں سے پہلے سے بھڑکی ہوئی آگ کو مزید بھڑکایا اور میڈیا کی نظروں میں آئے ۔ جو روٹ نے منگل کو انگلش میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لفظ ’’مایوس ‘‘ کا استعمال سات بار کیا ۔ جوروٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جن حالات میں ہیں وہ افسوسناک ہے ۔ لڑکوں نے غلطیاں کی ہیں ۔ مگر اب ہمیں ہوشیار رہنا ہو گا، جس طرح کے واقعات پے در پے ہوئے ہیں اس سے ہمارا تاثر صحیح نہیں گیا ۔ اور یہی مایوسی کی وجہ ہے ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ ہم فیلڈ سے یا کرکٹ سے متعلق بات ہی نہیں کرتے ۔ اس تاثر کوغلط ثابت کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم جیتیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ ہم اس ہفتے کارکردگی دکھائینگے اور جیتیں گے ۔ اگر ہم میلبورن 2-1 کے اسکور کیساتھ گئے تو پوری سیریز کا نقشہ ہی بدل جائے گا ۔ جوروٹ نے کہا کہ مجھے ابھی بھی یقین ہے کہ ہم سیریز جیت سکتے ہیں مگر ہمیں اب یہ دوسروں کو ثابت کرنا ہے ۔ اور سیریز جیتنا ہی اس کا حل ہے ۔
تازہ ترین