• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرتھ،ایشز کا اہم معرکہ آج شروع، انگلینڈ کیلئے بڑا چیلنج

ملتان (اسپورٹس ڈیسک)دنیا کی تاریخی ایشز ٹیسٹ سیریز کا اہم ترین معرکہ جمعرات سے دنیا کی تیز ترین وکٹ پر شروع ہورہا ہے انگلش کرکٹ ٹیم کو پرتھ میں تیسرے ٹیسٹ میں ایشز کے دفاع کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ جو پانچ میچز کی سیریز کے دونوں ابتدائی ٹیسٹ ہار چکی ہے۔ البتہ آسٹریلیا فتوحات کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے فیصلہ کن برتری کے لئے پر عزم ہے۔ مہمان ٹیم نے گزشتہ ٹیسٹ کی حتمی الیون برقرا رکھی ہے البتہ وکٹ کیپر جونی بیئرسٹو کو چھٹے اور معین علی کو ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لئے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ میزبان ٹیم میں مچل مارش کو پیٹر ہینڈز کمب کی جگہ کھلائے جانے کا یقینی امکان ہے۔ پرتھ کے واکا گرائونڈ کی وکٹ تیز ہوگی، میچ کے آخری دو دن بارش کا امکان بھی ہے۔ مہمان ٹیم کایہاں ریکارڈ خراب ہے، اس نے 13 میچوں میں صرف ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا نے 9 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں،3 میچ ڈرا رہے، انگلینڈ نے یہاں اکلوتی فتح 1978 میں 166 رنز سے حاصل کی تھی۔1986 کے ڈرا میچ کے بعد وہ اب تک مسلسل 7 میچ یہاں ہار چکا ہے۔ پرتھ ٹیسٹ میں اسٹار انگلش اوپننگ بیٹسمین ایلسٹرکک 150 واں ٹیسٹ کھیلیں گے، وہ یہ اعزاز پانے والے انگلینڈ کے پہلے اور دنیا کے آٹھویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ کک نے 100 واں ٹیسٹ بھی 2013-14 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کو ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرنے کے لئے 7 وکٹ کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین