موہالی (جنگ نیوز) بھارت کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے سری لنکا کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں حیران کن شکست اور بیٹنگ لائن کی ناکامی کا بدلہ لے لیا۔ رائٹ ہینڈر اوپنر نے کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری داغ کر آئی لینڈرز کی امیدوں کا سفینہ غرق کردیا۔ شرما کے ناقابل شکست 208 رنز کی بدولت ہوم ٹیم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے خلاف 392 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا۔ جواب میں حریف ٹیم 8وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز تک محدود رہی اور 141 رنز سے شکست کھاگئی۔ روہت شرما مردمیدان قرار پائے۔ بدھ کو موہالی میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ سری لنکن کپتان تھسارا پریرا کے گلے پڑ گیا۔ بھارتی بیٹسمین تو جیسے اس موقع کے انتظار میں اور ادھار چکانے کےلیے بے قرار تھے۔ سب نے مل کر مہمان ٹیم کی بولروں کی خوب پٹائی کی اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنائے۔ روہت شرما نے اننگز کا نارمل انداز سے کیا۔ انہوں نے 100 رنز 40ویں اوور میں 115 گیندیں کھیل کر ہی مکمل کیے لیکن اس کے بعد ان میں سپر مین کی روح گھس گئی۔ انہوں نے گیئر تبدیل کیا اور کسی بولر کو خاطر میں لائے بغیر بلا امتیاز مارنا شروع کردیا۔ روہت شرما نے ڈبل سنچری مکمل کرنے کیلئے مزید36گیندیں کھیلیں۔ اننگز کے دوران اپنی آخری 27گیندوں میں روہت شرما نے 341کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی اور 11 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنے اسکور میں 92 رنز کا اضافہ کیا۔ انہوں نے ڈبل سنچری 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 153 گیندوں پر ڈبل مکمل کی۔ شیکھر دھون 68 اور شیریاس آیر 88رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین تھے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، جنہوں نے 10 اوورز میں 106 رنز دیے جب کہ کپتان تھسارا پریرا نے 80 رنز کے عوض تین اور سچن پتھیرانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم خاطر خواہ کارکردگی پیش نہ کرسکی۔ سوائے اینجلو میتھیوز کے کوئی اور بیٹسمین وکٹ پر زیادہ نہ ٹھہر سکا۔ میتھیوز نے ناقابل شکست 111 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ گونارتنے 34،نروشن ڈکویلا 22 اور تھریمانے 21 رنز کے ساتھ ہی کچھ مزاحمت کرپائے۔ یزویندر چاہل نے تین وکٹ لیے۔