• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کو دنیا سے جلد مداخلت کی امید ہے،یوتھ فورم فارکشمیر

اسلام آباد(محمد صالح ظافر )عالمی کشمیر لابی گروپ(یوتھ فورم فار کشمیر )کے مقررین نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو دنیا سے جلد مداخلت کی امید ہے،انٹرنیشنل کمیونٹی اور دنیا بھر سے انسانی حقوق کے کارکنان ان کے مسئلے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ان کے حق خود ارادیت کا یقین دلائیں۔انسانی حقوق کے عالمی دن سے متعلق منعقدہ تقریب میں مقررین نے کہاکہ اسے ایک روز تک ہی نہیں رکھنا چاہیے بلکہ ایسا عملی اقدام کیا جائے کہ دنیا بھر میں مذہب اور نسل سے بالا تر ہو کر انسان تشدد سے آزاد اور پر امن طور پر ہوں،انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ (یوتھ فورم فار کشمیر )کی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں جامعہ کوٹلی آزادجموں و کشمیر کے طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی ان کے ساتھ سینئر رپورٹرز ،ایڈیٹرز اور فوٹو گرافرز نے بھی شرکت کی۔شدید بارش کے باوجود تمام شرکا نے اپنی توجہ کشمیر کاز پر مرکوز رکھی اور اپنی شرکت کو بھی یقینی بنایا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اُٹھائی۔پہلی بار تقریب میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے حصہ لیا ،یوٹیوب ،گوگل ،ٹوئٹر او ر دیگر نے اس موقع پر خصوصی مواد دکھایا ۔پاکستان سے یوتھ فورم کشمیر لابی گروپ عالمی یوم انسانی حقوق میں شریک ہوا ۔کوٹلی یونیورسٹی آزاد جمو ں و کشمیر کی پروفیسر شگفتہ اشرف اپنے ساتھیوں سمیت اس تقریب میں آئیں ،یوتھ فورم کشمیر کی شائستہ صافی ،ضمن باجوہ اور دیگر نے تقریب کے شرکا کے سامنے اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا۔سینئر رپورٹرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے اخبارات کے ذریعے بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالی انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرتے رہیں گے اس کے علاوہ ان کی کشمیر کاز سے حمایت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔انہوں نے اپنے تجربات اور کشمیر کے معاملے پر درپیش مسائل کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نےٹیکنالوجی کی حالیہ دہائی میں کشمیر کے معاملے پر میڈیا اور سوشل میڈیا کے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر شرکا میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے،یوتھ فورم فار کشمیر ایک غیر جانبدار ،بین الاقوامی این جی او ہے جو کہ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق پر امن حل کیلئے کام کررہی ہے۔
تازہ ترین