• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی کوریا سے مذاکرات پرٹلرسن اور امریکی انتظامیہ میں اختلافات

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہر وقت آمادہ ہے۔ ٹلرسن نے کہا کہ پیانگ یانگ حکومت کے ساتھ کسی بھی پیشگی شرط اور کسی موضوع کو طے کیے بغیر پہلی ملاقات کی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی ٹلرسن نے زور دے کر کہا کہ امریکا کے لیے جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔ اس سے قبل ٹلرسن کا موقف تھا کہ جب تک پیونگ یانگ جوہری اسلحہ سازی سے دستبرداری کا اعلان نہیں کرتا، تب تک اس کے ساتھ کوئی بات چیت ممکن نہیں۔شمالی کوریا کے مسئلے پر چین اور روس نے بھی خیالات کا تبادلہ کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق انہوں نے سلامتی کونسل میں چین کے ساتھ مل کر مشترکہ اقدامات کرنے پر غور کیا ہے۔ چین اور روس نے امریکااور شمالی کوریا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جوہری جنگ کے پیش نظر جوہری میزائلوں سے بچائو کی مشترکہ مشقیں بھی شروع کردی ہیں جو 6روز تک جاری رہیں گی۔ چینی میڈیا کے مطابق ان مشقوں کا مقصد خطے میں اپنے اتحادیوں کو بچانا ہے اور شمالی کوریا کو پیغام دینا ہے ۔ امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن اور وائٹ ہائوس انتظامیہ کے درمیان شمالی کوریا کے معاملے پر ایک بار پھر اختلافات سامنے آگئے، وائٹ ہائوس نے کہا ہے کہ جب تک شمالی کوریا اپنا رویہ تبتدیل نہیں کرلیتا اس سے مذاکرات نہیں کریں گے، وائٹ ہائوس کے سلامتی کونسل کے ترجمان نے ٹلرسن کی جانب سے پیانگ یانگ کو مذاکرات کی دعوت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رائٹرز کو بتایا کہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کے بعد یہ بات واضح ہے کہ یہ مذاکرات کیلئے ٹھیک وقت نہیں ہے۔
تازہ ترین