• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی ٹول ٹیکس وصول کرنیوالی چوکیوں پر چھاپے ،3، افراد گرفتار

جامشورو(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فریدالدین مصطفیٰ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جامشورو نویدالرحمٰن لاڑک نے یونین کوٴنسل سری کی حدود میں غیرقانونی ٹول ٹیکس وصول کرنے والی تین چوکیوں پر چھاپے مارکر ان کو سیل کرکے تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تھانہ نوری آباد پر ایف آئی آردرج کرادی ہے۔ واضح رہے کہ عوام کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جامشورو کو ان کے بارے میں شکایات ملی تھیں جس پریہ کارروائی کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جامشورو نویدالرحمٰن نے مزید کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی ریتی اور بجری اٹھانے کے 14 مقامات کو بھی بند کرکے ان کے مالکان کے خلاف کارروائی کی۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ ضلع میں کسی کو بھی غیرقانونی کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی شکایات اور مسائل کو بلا کسی سیاسی دبائو کے جلد حل کیا جائے گا جبکہ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی ۔ڈپٹی کمشنر جامشورو نے کہا کہ کوئلے کی کانوں پر غیرقانونی قابضین اور غیرقانونی چلنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیرقانونی کام کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو بند کراکر حکومت کی رٹ بحال اور گوڈ گورننس کو برقرار رکھا جاسکے۔
تازہ ترین