• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈو باگو ، نہروں میں پانی کی عدم فراہمی کیخلاف شٹر ڈائون ہڑتال

ٹنڈو باگو (نامہ نگار) سندھ آبادگار تنظیم کی اپیل پر آبپاشی سب ڈویژن خیر پور گمبو کی 17 نہروں میں گزشتہ دوماہ سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ملکانی اور خیر پور گمبو میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ آبادگاروں اور شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے پنگریو جھڈو روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے مویشیوں سمیت سندھ آبادگارتنظیم کے پیر فیاض شاہ راشدی اور طارق محمود آرائیں کی قیادت میں دھرنا دیا۔ اس موقع پر آباد گاروں نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران کی مبینہ نااہلی کے باعث نصیر کینال سے نکلنے والی 17 نہروں میں گزشتہ دوماہ سے پانی فراہم نہیں کیا جارہا جس کے باعث آبادگار معاشی طور پر دیوالیہ ہو گئے ہیں۔ انسانی آبادی سمیت مال مویشی پانی کی عدم دستیابی کے باعث سنگین صورتحال کا شکار ہیں۔ خیر پور سب ڈویژن میں نصیر کینال سے نکلنے والی 17 نہروں میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث 75 ہزار ایکڑ زرعی رقبے پر فصلیں کاشت نہیں ہو سکیں جس کے باعث قحط زدہ صورتحال میں علاقے سے بڑی تعداد میں نقل مکانی ہورہی ہے۔ انہوں کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے آبادگار احتجاج کر رہے ہیں تاہم حکومت پانی فراہم کرنے میں بے بس نظر آرہی ہے۔ آباد گار رہنمائوں نے انتباہ کیا کہ فوری طور پر نہروں میں پانی فراہم نہیں کیا گیا تو آبادگار اپنے اہل خانہ اور مویشیوں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس بدین کے سامنے دھرنا دینگے۔
تازہ ترین