• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی وائرس کنٹرول کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

عمرکوٹ (نامہ نگار) چیف سیکرٹری سندھ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے ڈسٹرکٹ رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن سیکرٹری ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سلیم شیخ اور میونسپل کمیٹی کے ٹی ایم اوز ڈائریکٹر جنرل سندھ کے نمائندے ڈینگی وائرس کنٹرول کے فوکل پرسن ملیریا کنٹرول پروگرام کے فوکل پرسن ٹائون میونسپل آفیسر ایم ایس عمرکوٹ ایٹومولوجسٹ ایگریکلچر پرائیوٹ اسپتال کے نمائندے اور پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندے ممبر ہونگے جس کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ کے دربار ہال میں طلب کیا گیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی ہر ہفتہ ایک اجلاس طلب کرے گی اور ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات پر عمل درآمد کرائے گی۔ کمیٹی لوکل سطح پر تمام مسائل کا جائزہ لے گی اور اس کے بہتر حل کیلئے اپنی تجاویز پیش کرے گی اور فیلڈ میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کو مانیٹر کرکے اپنی رپوٹ اجلاس کو پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی اور ملیریا کے خاتمے کیلئے تمام اسپتالوں اور بی ایچ یوز میں ڈینگی کی کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں انہوں نے سیکرٹری ڈینگی کمیٹی اور ڈی ایچ او عمرکوٹ ڈاکٹر سلیم شیخ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام یوسیز کے سیکریٹریز کو خط لکھا جائے کہ آپ اپنی یوسیز میں ڈینگی کے اسپرے کے لئے ایک پلان بنائیں اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ملیریا اسپرے کی ادویات کی تفصیلی رپوٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں خراب پانی اور آلودگی ہے وہاں پر یقینی طور پر اسپرے کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کی آگاہی کیلئے اشتہارات ایف ایم ریڈیو عوامی جگہوں اور چورایوں پر آگاہی بینر لگائے جائیں۔
تازہ ترین