• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، دریائے سندھ پرکمرشل اور رہائشی اسکیموں کے خلاف آپریشن، تمام این او سیز منسوخ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) دریائے سند ھ کے بچاؤ بند پر جاری اربوں روپوں کی غیر قانونی کمرشل اور رہائشی اسکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے گدو بیراج بچاؤ بند کے اندر بننے والی تمام اسکیموں کی این او سی منسوخ کردی‘ نوٹیفکیشن جاری کرکے ریجنل ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی،ڈائریکٹر پلاننگ اینڈڈولپمنٹ ایچ ڈی اے کو تحریری احکامات جاری کردیئے،شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے دریائے سندھ کے پاٹ میں کوئی اجازت نامہ،لے آؤٹ پلان کی این او سی جاری نہ کی جائے،حیسکو،سوئی سدرن گیس کمپنی اور واسا کے اعلیٰ حکام کو دریائے سندھ کے بچاؤ بند میں کسی بھی اسکیم کوکنکشن جاری نہ کرنے کے لئے تحریری خطوط بھیج دیےگئے،دریائے سندھ کے بچاؤ بند پر رہائشی و کمرشل اسکیموں کے خلاف کارروائی اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں شروع کی گئی ہے،لینڈ مافیا اور بلڈرز مافیا نے دریائے سندھ کے بچاؤ بند پر اربوں روپے کی اسکیمیں شروع کر رکھی ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران کو شہریوں کی زندگیوں اوربنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے دریائے سندھ میں گدو بیراج کے مقام پربچاؤبند پر جاری تمام رہائشی وکمرشل اسکیموں کا نوٹس لیتے ہوئے تمام اسکیموں کی این او سی اور لے آؤٹ پلان منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیئے،لینڈ مافیا نے ریکارڈ میں جعلسازی کرکے ایچ ڈی اے اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ملی بھگت سے دریائے سندھ کے سیلابی زون اور دریا کے پاٹ میں اربوں روپوں کی اسکیمیں شروع کر رکھی ہیں، شہریوں کی زندگی کے تحفظ، اعلیٰ عدلیہ اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت دریائے سندھ کے سیلابی زون میں بننے والی تمام اسکیموں کے خاتمے اوردریا کے سیلابی زون کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے مرحلہ وارکارروائی کاآغاز کردیا گیا ہے،پہلے مرحلے میں نئی بننے والی تمام اسکیموں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور زیرتعمیر تما م اسکیموں کو اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ مسمار کرے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں مذکورہ اسکیموں کو این او سی،لے آؤٹ پلان جاری کرنے والے افسران اور بلڈرز و لینڈ مافیا کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانے اورشہریوں کی رقم واپس کرنے کے لئے حکمت تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بعض اعلیٰ تحقیقاتی اداروں اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے بھی رابطے کئے گئے ہیں،ابتدائی مرحلے میں تمام جاری اسکیموں کے پلاٹوں کی فروخت کرنے والے بلڈرز کے دفاتر کو بھی سیل کیا جائے گا۔
تازہ ترین