• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیدی کی سزا کے خلاف اپیل، ضمانت منظورکرکے رہا کرنے کا حکم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے منشیات کے کیس میں سزا کے خلاف نارا جیل کے قیدی کی اپیل پر حتمی فیصلے تک اس کی ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ دیگر عدالتوں نے تپہ دار ٹھٹھہ اور محکمہ سیٹلمنٹ سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ کے کلرک اور قتل کیس میں گرفتار ملزمہ کی ضمانتیں منظور کرلی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں منشیات کے مقدمہ میں ماتحت عدالت سے سزا کے خلاف نارا جیل کے قیدی محمد یوسف عرف اسلام نے اپیل دائر کی تھی، جمعرات کو عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل کے بعد اپیل کے فیصلے تک قیدی کی ضمانت منظور کرکے اسے رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ انسداد رشوت ستانی کی خصوصی (صوبائی) عدالت برائے حیدرآباد نے اینٹی کرپشن سرکل ٹھٹھہ تھانے میں درج کھاتوں کی جعلسازی سے تبدیلی اور عدالت میں جعلی کھاتوں کی دستاویزات ضمانت کے لئے پیش کرنے کے مقدمہ میں گرفتار تپہ دار گلزار مگسی کی جمعرات کو وکلا کے دلائل کے بعد 50 ہزار روپے کی ضمانت منظور کرلی، اسی عدالت نے ڈائریکٹر سیٹلمنٹ سروے اینڈ لینڈ ڈپارٹمنٹ حیدرآباد کے کلرک سہیل احمد میمن کی کاغذات بنانے کے لئے 10 لاکھ روپے وصول کرکے رقم ہڑپ کرنے کے مقدمہ میں وکلا کے دلائل کے بعد اس کی 50 ہزار روپے کی ضمانت منظور کرلی جبکہ ففتھ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے پنیاری تھانے میں درج قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزمہ زاہدہ کی ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
تازہ ترین