• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سٹے بازوں کا ایشنر سیریز پر وار ناکام، خفیہ آپریشن نے بھانڈا پھوڑ دیا

  پرتھ (جنگ نیوز ) دنیا کی قدیم اور معتبر ایشز سیریز پر بھی فکسنگ کا سایہ پڑگیا۔ لیکن بھارتی سٹے بازوں کا وار ناکام بنادیا گیا۔ برطانوی میڈیا نے خفیہ آپریشن کے بعد انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فکسرز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی کوشش کا بھانڈا پھوٹ دیا۔ اس بارے میں معلومات پر مبنی ڈوزیئر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے حوالے کردیا گیا ہے، جس کا آئی سی سی کی جانب سے شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق ایک گروہ کھیلوں پر اثر انداز ہونے کیلیے ’دی سائیلنٹ مین‘ نامی آسٹریلوی شہری کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ اس نے میچ کے بارے میں معلومات دینے کیلئے ایک لاکھ چالیس ہزار برطانوی پائونڈز طلب کیے تھے۔ اس میں کسی کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آیا لیکن گروہ کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ایک سابق آسٹریلوی کھلاڑی کی خدمات حاصل کی ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ بک میکرز نے ٹیسٹ میچ فکس کرنے کی کیسے کوشش کی تاہم اخبار کے مطابق ایک بک میکر نے اخبار کے تحقیق کار کو بتایا وہ کھلاڑیوں کو ’اسکرپٹس‘ کے مطابق کھیلنے پر راضی کر سکتے ہیں جیسا کہ ایک سیشن یا ایک اننگز میں کتنے رنز بنیں گے، کب وکٹ گرے گی اور ٹیم ٹاس جیتنے کے بعد کیا کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پریانک سکسینا اور صوبر جوبن نے اسپاٹ فکسنگ کے لئے ایک لاکھ 40ہزار پاؤنڈ طلب کیے جب کہ سٹے بازوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے اشاروں پر ناچتے ہیں۔ ایک سیشن فکس کرنے کے69 ہزار پائونڈ ہوں گے۔ یہ ضمانت دی گئی کہ کھلاڑی فکسنگ کا عمل شروع ہونے کے باقاعدہ اشارے دیں گے۔ ان میں بیٹسمین کا گلووز اور ہیلمٹ بدلنا، بولرز کا لمبی آستین کی شرٹ پہننا شامل ہیں، سگنل ملتے ہی تماشائیوں میں موجود ہمارے ایجنٹ یہ پیغام بکیز تک پہنچادیں گے جس کی مدد سے وہ ٹھیک ٹھیک شرطیں لگاسکیں گے۔ سودے بازی اور مذاکرات کے حوالے سے ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں پریانک سکسینا اور صوبر جوبن کو دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی سٹے باز ’’مسٹر بگ‘‘ نے رپورٹر کو بتایا کہ میچ سے پہلے بتاؤں گا کہ کس اوور میں کتنے رنز بنیں گے، اس پر رقم لگاؤ اور رقم بھارت میں جمع کرانا ہوگی جب کہ آسٹریلوی کرکٹ میں بھی ہمارا فکسر موجود ہے۔ فکسر کا کہنا ہے کہ اس نے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور خاص طور پر ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ایک آل راؤنڈر کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے۔ انہوں نے خفیہ آپریشن کرنے والوں کو بگ بیش لیگ، انڈین پریمیئر لیگ اور دیگر کرکٹ مقابلوں میں بھی فکسنگ کرنے کی پیشکش کی۔ دلچسپ بات ہے کہ جوبن صوبر بھارت کے ریاستی سطح کے کرکٹر رہ چکے ہیں، ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ویرات کوہلی کے ساتھ دہلی کی ٹیم میں کھیل چکے ہیں۔ صوبر کے مطابق وہ گزشتہ 10سال سے پریانک سکسینا کے ساتھ فکسنگ کر رہے ہیں اور بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے ہیں۔ پریانک سکسینا جنوبی افریقا میں تمباکو کے کاروبار سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ نئی دہلی مین اپنا آپریشن چلاتے ہیں جہاں کرپٹ کرکٹرز کی بولیاں لگائی جاتی ہیں۔
تازہ ترین