• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرتھ، ڈیوڈ ملان کی اولین سنچری، انگلش بیٹسمین ڈٹ گئے، چار وکٹ پر 305 رنز

پرتھ ( جنگ نیوز ) ایشز سیریز میں انگلش بیٹسمین آخر کار فارم میں آگئے۔ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز کینگروز کے تمام حربے ناکام بنادیے، مہمان ٹیم نے ڈیوڈ ملان کی سنچری ، جونی بیئرسٹو اور اوپنر مارک اسٹون مین کی ففٹیز کی مدد سے چار وکٹ پر 305رنز بنا کر میچ کا پراعتماد آغاز کیا۔ انگلینڈ کیلیے مرو یا کرو کی حیثیت رکھنے والے میچ کے افتتاحی روز جمعرات کو کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیریئر کا 150واں ٹیسٹ بھی سابق کپتان اور اوپننگ بیٹسمین الیسٹر کک کیلئے اچھی خبر نہیں لایا۔ انگلینڈ نے پہلی وکٹ 26 کے مجموعی اسکور پر گنوادی جب لیفٹ ہینڈر کک 7رنز بناکر مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 89کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب جیمز ونس 25رنز بنانے کے بعد جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان جو روٹ بھی اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 20 رنز بناکر پیٹ کمنز کا نشانہ بن گئے۔ مارک اسٹون مین نے 56رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے ثابت قدمی اور جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینگروز بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، فاسٹ بولرز نے انہیں تیز ترین وکٹ پر خطرناک بائونسرز سے ڈرانا چاہا لیکن نصف سنچری کر گئے، انہیں مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ یہ فیصلہ انگلش میڈیا کی جانب سے متنازع قرار دیا جاریا ہے۔ اس موقع پر ڈیوڈ میلان اور جونی بیئرسٹو نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی، دونوں نے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اسکور 305تک پہنچا دیا۔ ڈیوڈ میلان نے پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی اور 110 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ بیئرسٹو 75 پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ مچل اسٹارک نے دو جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم آسٹریلوی ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کے باعث تین کیچز ڈراپ ہوئے۔
تازہ ترین