• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نکالے جانے کے بعد نواز شریف کے دیئے گئے بیانات درست ثابت ہوگئے،ن لیگی حلقے

Todays Print

اسلام آباد(تبصرہ:طارق بٹ)عدالت عظمیٰ کی جانب سے عمران خان پر ان کی حریفوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو رد کرنے کے فیصلے سے معزول وزیر اعظم نواز شریف کی اس رائے میں وزن پیدا ہورہا ہے کہ احتساب کا مقصد صرف انہیں ہدف بنانا تھا۔ن لیگی حلقوں کا کہنا ہے کہ نکالے جانے کے بعد نواز شریف کے دیئے گئے بیانات درست ثابت ہوگئے ہیں۔جب کہ عدالتی فیصلے سے عمران خان کی طرح مسلم لیگ(ن)بہ یک وقت خوش اور افسردہ ہے۔یہ فیصلہ سابق وزیر اعظم کے حق میں اس لیے گیا ہے کیوں کہ 28جولائی سے وہ جو کچھ کہتے رہے ہیں وہ درست ثابت ہورہا ہے۔انہوںنے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور کہا کہ احتساب کا یہ عمل صرف انہیں نشانہ بنانے کے مقصد سے تھا۔پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے فیصلہ آنے سے قبل ہی ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصلے میں عمران خان کو کھلی چھوٹ دی جائے یا انہیں نااہل قرار دیا جائے نواز شریف دونوں صورتوں میں کامیاب ہوں گے۔عمران خان اب کھل کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایک ایماندار انسان ہیں اور انہوں نے کوئی مالی بددیانتی نہیں کی، جیسا کہ ان کے حریف نواز شریف نے کی تھی۔اس طرح وہ سیاسی طور پر اس فیصلے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔دوسری جانب نواز شریف کا موقف واضح ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے غیر ضروری باتیںنہیں مانی اس لیے مجھے نشانہ بنایا گیا ہے، احتساب کا عمل یک طرفہ تھا اورانصاف کی فراہمی میں دو طریقہ کار اپنائے گئے یعنی ایک میرے لیے اور ایک میرے مخالفین کے لیے۔یہاں تک کے ان کے ایک ساتھی کا کہنا تھا کہ انصاف آج نااہل ہوگیا ہے۔عمران خان اپنے حوالے سے تو خوش ہوں گے تاہم اپنی پارٹی کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی کے سبب انہیں سخت دھچکہ بھی لگا ہے۔وہ نہ صرف ان کا طیارہ استعمال کرتے رہے ہیں بلکہ وہ ان کے اہم فنانسر بھی ہیں اور مختلف مقاصد کے لیے فنڈ فراہم کرتے رہے ہیں۔

تازہ ترین