• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے تحفظات دور، حلقہ بندیاں بل منگل کو سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(ایجنسیاں ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پراپوزیشن کے تحفظات دورکردیئے جس کے بعدیہ بل بروزمنگل 19 دسمبر کو سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے‘ اپوزیشن کی تجویز پرحکومت مردم شماری کے پانچ بلاکس کاآڈٹ30 روز میں کرانے پر تیار ہوگئی ‘نگرانی وزیراعظم خود کرینگے جبکہ آڈٹ عمل کا جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ۔جمعہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پارلیمانی رہنماؤں سے اہم امور پر مشاورت ہوئی جس میں وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میںاعتزاز احسن، صاحبزادہ طارق اللہ، الیاس بلور، مشاہد حسین، اسرار اللہ زہری، طاہرمشہدی‘مظفر حسین شاہ، راجہ ظفرالحق، مشاہد اللہ خان اور شیخ آفتاب سمیت دیگر پارلیمانی رہنماء شریک ہوئے جبکہ تحریک انصاف ،جے یو آئی( ف) اور پشتونخوا میپ کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔ اجلاس میں حلقہ بندیوں سے متعلق بل اورفاٹا اصلاحات کا معاملہ زیربحث آیا جبکہ وزیراعظم نے سیاسی رہنماؤں کو او آئی سی کے ہنگامی اجلاس سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں بروقت الیکشن کا انعقاد چاہتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کومل کر بروقت انتخابات یقینی بنانے کیلئے کردارادا کرنا چاہیے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے حلقہ بندی بل پراپوزیشن کے تحفظات دور کردیئے ہیں اور اب یہ بل انیس دسمبرکو سینیٹ سے منظور کرایا جائے گا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں حلقہ بندیوں کا بل اور مردم شماری پر بات ہوئی، اپوزیشن کے تحفظات کو پیش نظر رکھتے ہوئے 5 فیصد بلاکس کا ری آڈٹ کرانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ آڈٹ عمل کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی، مانیٹرنگ کمیٹی میں تاج حیدر، مشاہد اللہ، مشاہد حسین، حاصل بزنجو اور عثمان کاکڑ شامل ہونگے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ری آڈٹ کے کام کی خود نگرانی کرینگے، ری آڈٹ کو پیپرا رولز سے مستثنیٰ کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ امید ہے حکومت فیصلوں پر کار بند رہے گی۔
تازہ ترین