• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئٹزرلینڈ میں افقی انداز میں پہاڑ چڑھنے والی ٹرین کا افتتاح انجینئرنگ کا عظیم شاہکار قرار

کراچی (نیوز ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے حسین امتزاج نے نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے اور حکومت نے ڈھلان پر چلنے والی ریلوے لائن بچھا دی ہے۔ یہ ڈھلان دنیا کی سب سے پیچیدہ ڈھلان تصور کی جاتی ہے اور اس ڈھلان پر ریل دو رویہ انداز انتہائی مضبوط کیبل کو استعمال کرتے ہوئے چلیں گی۔ اس طرح کی ٹرین کو انگریزی میں Funicular Train کہا جاتا ہے۔ 44.6؍ ملین سوئس فرانک کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس فنی کیولر ٹرین کا نام شوئیز اسٹوس فنی کیولر (جرمن زبان میں اسٹینڈسل بان شوئیز اسٹوس ) رکھا گیا ہے، یہ ٹرین اتوار سے سروس فراہم کرنا شروع کر دے گی۔ ماہرین نے اس ٹرین کو جدید تعمیرات اور ٹیکنالوجی کا شاہکار قرار دیا ہے۔ ٹرین کے ڈبوں کو خلائی گاڑی جیسی شکل دی گئی ہے جس میں مختلف انداز سے لیول کو درست کیا جا سکتا ہے، یہ ٹرین تمام صارفین کیلئے دستیاب ہوگی ۔ حیران کن بات یہ ہوگی کہ پہاڑی پر چڑھتے ہوئے یہ ٹرین افقی شکل میں چڑھتی ہوئی نظر آئے گی اور اُس وقت ٹرین کی رفتار 10؍ میٹر فی سیکنڈ ہوگی۔ ٹرین کا افتتاح جمعہ کو سوئس فیڈرل کونسل کی صدر ڈورس لوتھرڈ نے اسٹوس کے الپائن ریسورٹ پر کیا، یہ علاقہ سطح سمندر سے 4300؍ فٹ بلند ہے۔ ڈبے اگرچہ خلائی گاڑی کی شکل کے ہیں لیکن یہ کسی ڈرم سے مماثلت رکھتے ہیں اور پہاڑی چڑھتے وقت یہ ٹرین افقی حالت میں آجائے گی جبکہ جیسے جیسے یہ ڈھلان سے نیچے اترے گی ویسے ہی یہ عام یعنی عمودی حالت اختیار کر لے گی۔
تازہ ترین