• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس، دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والا داعش کا سیل تباہ

ماسکو (اے ایف پی) روس کی وفاقی سیکورٹی سروس (ایف بی ایس) نے جمعے کے روز کہا ہے کہ انہوں نے سینٹ پیٹرزبرگ میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش کے سیل کا سراغ لگالیا ہے۔ روسی خبررساں اداروں کےمطابق ایف بی ایس نے داعش کے حامیوں کے خفیہ سیل اور ان کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی جو 16 دسمبر کو دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ایف بی ایس کے مطابق یہ گروپ شہر کے شمال میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور بھیڑ والے مقامات پر شہریوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ اس گروپ کے 7افراد کو مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بدھ اور جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا۔ ایک اعلامیہ کے مطابق پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دیسی ساختہ بموں میں استعمال ہونے والا بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، خودکار رائفلز، گولیاں اور شدت پسندی کا لٹریچر برآمد کرلیا ہے۔ منگل کے روز ایف بی ایس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اور آئندہ برس کے صدارتی انتخابات سے قبل روس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور یہ اقدام شام سے ممکنہ طور پر جنگجوئوں کی ملک واپسی کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
تازہ ترین