• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے سیکرٹری کیڈکو معطل نہ کیاتو سیٹ پر نہیں بیٹھوں گا،اسپیکرایازصادق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے جمعہ کے روز وقفہ سوالات میں کیڈ ڈویژن کی جانب سے پانچ سوالوں کے جواب نہ آنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر وزیراعظم نے سیکریٹری کیڈکو معطل نہ کیاتواپنی سیٹ پر نہیں بیٹھوں گا۔ اسپیکر نے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کہا کہ پانچ سوالوں کے جواب نہیں آئے حالانکہ یہ سادہ سے سوال ہیں‘یہ سنجیدہ معاملہ ہے آپ سیکرٹری کیڈ کو معطل کریں گے یا میں وزیراعظم کو سفارش کروں۔ ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا کہ ہم انتظامی ایکشن لے رہے ہیں۔ اسپیکر نے حکم دیا کہ سیکرٹری کیڈ پانچ منٹ میں میرے دفتر آئیں ‘اگر کوئی میٹنگ ہے تو اسے بھی چھوڑ دیں‘انہوں نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے کہا کہ آپ بھی سیکرٹری کے ساتھ میرے چیمبر میں آئیں ۔ میں وزیراعظم کو لکھ رہا ہوں کہ سیکرٹری کیڈ کو تین دن کیلئے معطل کیا جائے اور اگر وزیراعظم نے انہیں معطل نہ کیا تو میں اپنی سیٹ پر نہیں بیٹھوں گا۔
تازہ ترین