• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نالے سے لاش ملی،دیگر واقعات میں بچے سمیت 5افراد جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور واقعات میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے، بلدیہ میں نالے سےتشدد زدہ 18سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق خداداد کالونی میں سڑک عبور کرتے 8سالہ مختار ولد راشد تیز رفتار منی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا جس نے جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا، ملیر لنک روڈ پر تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی الٹنے سے 3افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 افراد دوران علاج دم توڑ گئے ،جاں بحق ہونے والوںکی شناخت 35سالہ عمر طاہر ولد نواب خان اور 33سالہ قادر جٹ ولد منور جٹ جبکہ زخمی کی شناخت رضوان کے نام سے ہو ئی ہے ،منگھو پیر قبضہ کالونی میں واقع ماربل فیکٹری میں کام کے دوران وزنی چیز سر پر لگنے سے 45سالہ سعیدمزدور جاں بحق ہو گیا ، فشریز چھوٹا گیٹ کے نزدیک لانچ کی صفائی کے دوران 35سالہ گل زمان سمندر میں گر کر جاں بحق ہوگیا ، لیاری کھڈا مارکیٹ میں واقع کباڑی کی دکان میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی جس سے 2افراد جھلس گئے ، ناردرن بائی پاس لکی چڑھائی کے نزدیک گاڑی کی ٹکر سے 65سالہ نامعلوم شخص شدید زخمی ہو گیا ، علاوہ ازیںسعید آباد کے علاقے بلدیہ نمبر 12 کے ایم سی قبرستان کے قریب واقع گندے نالے سے 18 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ،متوفی نے نیلے رنگ کی پینٹ اور لال نیلی ٹی شرٹ پہنی ہوئی ہے ، شناخت کی کوئی چیز نہ ملنے پر پولیس نے لاش شناخت کیلئے سرد خانے منتقل کر دی ۔
تازہ ترین