• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ الیکشن میں لبرلز کو شکست دینگے، یہودیوں سے پیسے لینے والوں کے غبارے سے ہوانکل چکی، فضل الرحمٰن

Todays Print

پشاور(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں لبرلز کو شکست دیں گے، یہودیوں سے پیسے لینے والوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، ایم ایم اے بحال ہوچکی ہے، اپنی تہذیب پر حملہ آوروں سے صوبہ چھین لیں گے، اے پی ایس واقعہ کی دوبارہ عدالتی تحقیقات کرائی جائے، عمران خان کہتے ہیں شکرہے وفاق میں حکومت نہیں ملی، وفاق میں حکومت ملتی تو اس کا حال بھی خیبر پختونخوا جیسا ہوتا،فاٹا کا مسئلہ بڑا سیدھا سادہ ہے مگر کچھ مفاد پرستوں نے اسے پیچیدہ بنا دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ ناموس رسالت ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون واقعہ کے بعد دنیا بھر میں مذہب غیر محفوظ ہوگیا تھا۔ امریکی سازش کے تحت مدارس کو دہشت گردوں کی آماجگاہ اور داڑھی والوں کو خطرہ قراردیا گیا۔ تمام غیراسلامی قوتیں مسلمانوں کے خلاف صف آرا ہوگئیں۔ امریکا چاہتا تھا کہ ہمارے نوجوان اٹھیں اور ریاست کے خلاف کھڑے ہوجائیں لیکن ہم نے اس وقت بھی اپنے اداروں کو تحفظ فراہم کیا۔مولافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 2013 ء کے انتخابات میں ایم ایم اے کا پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا پر سیکولر جماعت نے قبضہ کر لیا اور صوبے کی تہذیب کو ختم کرکے ثقافت کو بدلنے اورعلمائے کرام کو پیسے دے کر خریدنے کی کوشش کی گئی تاکہ فضل الرحمان کو تنہا کیا جاسکے۔مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ اور اس میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں سے واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل تشویشناک ہے کہ اتنے سفاک واقعہ کی تحقیقات نہ ہوسکیں جبکہ اس سانحہ کی تحقیقات کیلئے تو جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے تھا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا کا مسئلہ بڑا سیدھا سادہ ہے مگر کچھ مفاد پرستوں نے اسے پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ہم نے سیدھی بات کی تھی کہ فاٹا کے عوام کی منشاء سے فیصلہ کیا جائے۔ ہمارا ان سے ایک ہی اختلاف ہے کہ وہ فاٹا کا فیصلہ فاٹا کے عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم فاٹا کے عوام کی منشاء سے فیصلہ چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں مسیحی برادری پر حملے کی بھی شدید مذمت کی۔

تازہ ترین