• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں اور انکے خاندانوں کی قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتیں۔شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیاں ملک سے لازوال محبت کا ثبوت ہیں جو کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک میں امن کا قیام ان ہی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ان ہی کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا۔ بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ 16دسمبر کا دن ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہئے۔ شہداء اے پی ایس اور ان کے خاندان کی قربانیاں مادر وطن سے ہمارے غیر متزلزل محبت کی عکاس ہیں۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات پر قابو پانے کیلئے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے راستہ متعین کر دیا گیا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے پاک فوج نے بہترین مہارت کے تحت دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔جنرل باجوہ نے مزید کہا کہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور قومی مقاصد کے حصول کیلئے پوری قوم اور ہر فرد موثر کردار ادا کرے۔ دشمنوں کو جنہوں نے ہمیں اتنا بڑا دکھ دیا ہے ان کے مکمل خاتمے اور امن قائم کرنے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ نے ان تاثرات کا اظہار جہلم کے قریب آرمی مارکس مین فائرنگ رینجز کے دورے کے موقع پر کیا، آپ نے مارکس مین شپ کے شاندار معیار پر نشانہ بازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی سپاہی ہونے کی بنیادی مہارت میں سے ایک ہے۔اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہیدوں اور انکے اہل خانہ کی قربانیوں کو ہمیں کبھی نہیں بھلانا چاہئے۔ اے پی ایس کے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے، اس طرح کے سانحات سے بچنے اور پائیدار امن قائم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اور امن قائم کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کا منظم نظام بھی قائم کیا جائے۔

تازہ ترین