• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پشتونخوا میپ اور نیشنل پارٹی صوبے کے آئندہ وزیراعلیٰ کیلئے اپنا متفقہ امید وار لائیں گی،سردار یعقوب خان

Todays Print

کوئٹہ(نمائندہ جنگ+آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پشتونخوا میپ اور نیشنل پارٹی صوبے کے آئندہ وزیراعلیٰ کیلئے اپنا متفقہ امید وار لائیں گی ہر جماعت کی نظر اگلے عام انتخابات پر ہے اور تمام جماعتیں اسی تناظر میں فیصلے کررہی ہیں، یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش پر مسلم لیگ (ن) اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے چھ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی و نیشنل پارٹی کے تمام ارکان کا فیصلہ ایک ہوگا ، نواب ثناء اللہ خان زہری جواس وقت کراچی میں ہیں ہم ان سے بھی بات کرینگے کہ وہ بھی آئیں ،انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیاں مشاورت کررہی ہیں اور جلد ہی وزیراعلیٰ کا امیدوار سامنے لائیں گے ،انہوں نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں ،سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی باتیں افواہیں ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت دو ہفتے کی مہمان ہونے کی باتیں افواہیں ہیں یہ صرف صوبے میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی باتیں ہیں ، حکومت چار یا پانچ مہینے کے لئے بھی ہے ،تو حکومت کو چلنے دیا جائے۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے6 ارکان صوبائی اسمبلی کا اجلاس سابق مشیر سردار در محمد ناصر کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں نئے قائد ایوان اور حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلے سمیت مختلف امور پر بحث کی گئی اجلاس میں حاجی محمد خان لہڑی، میر اظہار حسین کھوسہ، ثمینہ خان، انیتا عرفان اور کشور جتک شریک تھیں ۔سردار در محمد ناصر نےبتایا کہ پارٹی ارکان کے اجلاس میں قائد ایوان کے چناؤ کے ساتھ حکومت سازی یا پھر آزاد بینچوں پر بیٹھنے کے حوالے سے مختلف امور پر بحث اور غورہو ا ۔ہم سب متحد ہیں اور متفقہ لائحہ عمل اپنا تے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب ناصر سمیت مرکزی قائدین کوفیصلوں سے آگاہ کرینگے اور میڈیا کو بریفنگ دینگے ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ حکومت سازی اور دیگر امور کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی قیادت سے تا حال کوئی رابطہ نہیں کیا وقت آنے پر بات چیت کے عمل کو آگے بڑھائیں گے ۔

تازہ ترین