• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی آرمی چیف کا بیان بچگانہ ،ایٹمی صلاحیت انڈیا سے نمٹنے کیلئے ہے، پاک فوج

Todays Print

راولپنڈی ( وقائع نگار،جنگ نیوز ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نئے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت مسلط کرنا بھارت کی خواہش ہوسکتی ہے، ہماری جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنے والے خطرات کے لئے ہے ،ایٹمی صلاحیت نے ہی بھارت کوجنگ سے باز رکھا ہوا ہے،وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما کر دیکھ لے،،بھارت نے اگر مہم جوئی کی تو پاکستان اس کا بھر پور جواب دے گا ۔ میجر جنرل آصف غفور نے یہ باتیں بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کے جواب میں کہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کو جوہری دھوکہ قرار دیا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان انتہائی بچگانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے ۔اس سوال پر کہ بھارتی آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو ایک فریب قرار دینے کے لیے تیار ہیں، اس پر پاک فوج کا کیا رد عمل ہے۔ڈی جی آئی ایس پر آر نے کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک انتہائی ذمہ دارانہ تقرری ہوتی ہے اور فور سٹار وہ رینگ ہے جو زندگی بھر کے تجربے اور پختگی کے بعد حاصل ہوتا ہے، لہٰذا اس ذمہ دار عہدے پر موجود شخص کی طرف سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان نامناسب ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے عزم کو آزمانے کی خواہش رکھتا ہے تو آزما کر دیکھ لے، ہم ایک مستند جوہری صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاک فوج ایک ذمہ دار ادارہ ہے ، ہماری جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنے والے خطرات کے لئے ہے۔ جارحیت مسلط کرنا بھارت کی خواہش ہوسکتی ہے ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا جواب دیں گے۔

تازہ ترین