• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج،کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست مندی، 100 انڈیکس 586 پوائنٹس گرگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج ، ملکی سیاست کی بے یقینی کے بارے میںبڑھتی افواہوں نے ایک بار پھر سرمایہ کاروں کے حوصلے پست کر دیئے۔نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست مندی، 100 انڈیکس میں 586 پوائنٹس کی بڑی کمی،سرمایہ کاری مالیت بھی ایک کھرب 3 ارب 95 کروڑ روپے کم ہو گئی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت45.33 فیصدکم جبکہ 69.94 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام،توانائی،سیمنٹ اور اسٹیل سمیت دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبارکاآغازملے جلے رجحان میں ہوا،ملکی سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں ایک موقع پر 100انڈیکس 42270 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی،اسٹیل اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی ، جس کے نتیجے میں 100انڈیکس کی 42300 کی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 586.23 پوائنٹس کمی سے 42347.49 پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر 356 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 95 کمپنیوں کے حصص کے بھائو اضافہ، 249 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 12 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 3 ارب 95 کروڑ 75 لاکھ 68 ہزار 14روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 88 کھرب ایک ارب 13 کروڑ 78 لاکھ 71 ہزار 243روپے ہوگئی۔پیر کو مجموعی طور پر 13 کروڑ 4 لاکھ 79 ہزار 990 شیئرز کا کاروبار ہوا جو جمعہ کی نسبت 10 کروڑ 81 لاکھ 93 ہزار 340 شیئرزکم ہے۔
تازہ ترین