• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہملٹن، بیٹسمین چلے، بولرز ناکام، پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست، ڈی گرینڈ ہوم نے کیویز کو فتح دلادی

ہملٹن ( جنگ نیوز) پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں بھی جیت کے ٹریک پر نہیں آسکی اور اس ناکامی کے بعد وائٹ واش کے خطرات سر پر منڈ لانے لگے۔ہملٹن کے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے دورے کے اب تک کی بہترین کارکردگی پیش کی، بیٹسمین آخر کار چل پڑے لیکن ٹیم کا مضبوط ترین بولنگ کا شعبہ بدستور واجبی کارکردگی پیش کررہا ہے۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 4-0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ، فخر زمان، سرفراز احمد اور حارث سہیل نے ففٹیز اسکور کیں۔ کوئی اور بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 262رنزبنائے۔ کیویز نے ہدف 46ویں اوورز میں پورا کرلیا۔ ہینری نکولس نے 52اور گرانڈ ہوم نے انتہائی جارحانہ انداز کھیلتے ہوئے 74رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ ان کی 40 گیندوں پر مشتمل اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ وہ مین آف دی میچ قرار پائے ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ایک مرتبہ پھر درست ثابت نہ ہو سکا۔ منگل کو پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اظہر علی کی جگہ حارث سہیل کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا اور فہیم اشرف کو اوپننگ کرانے کا جوا کھیلا جو چل نہ سکا اور وہ صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ چوتھے میچ میں بھی جاری رہا اور تین رنز بنا کر ٹم ساؤدھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم صرف 11 رنز پر دو کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔ اس موقع پر فخر زمان اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کیلئے 86 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، مچل سینٹنر نے54 رنز بنانے والے فخر کی وکٹیں بکھیر دیں۔ دورے میں پہلا میچ کھیلنے والے حارث نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن 50 رنز بنانے کے بعد کین ولیمسن کی وکٹ بن گئے۔ شعیب ملک کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور کین ولیمسن نے ان کی اننگز کا بھی چھ رنز پر خاتمہ کر کے پاکستان کو پانچواں نقصان پہنچایا۔130 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم مشکل میں آگئی، اس مرحلے پر سرفراز احمد اور محمد حفیظ ڈٹ گئے اور چھٹی وکٹ کیلئے 98 رنز اسکور کئے، سرفراز نے 46 گیندوں پر تین چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ۔ حسن علی ایک رن بنا سکے تاہم حفیظ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز میں اپنایا اور خصوصاً اننگز کے آخری اوور میں 22 رنز بٹورے ۔ پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 262رنز بنائے اور اننگز کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہونے والے حفیظ نے 81رنز بنائے۔ ٹم ساؤدھی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ کین ولیمسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے اپنی ٹیم کو 14 اوورز میں 88 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہاں لیگ اسپنر شاداب خان اپنے ابتدائی دو اوورز میں دونوں اوپنرز کو میدان سے باہر بھیج دیا ۔ رومان رئیس نے 200واں ون ڈے میچ کھیلنے والے روس ٹیلر کی اننگز کا ایک رن پرآئوٹ کر کے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔ پاکستان کو چوتھی وکٹ کیلئے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور شاداب نے ٹام لیتھم کو آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کو 99 رنز پر چار وکٹوں سے محروم کردیا۔ کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے55 رنز جوڑ کر ہدف کی جانب پیش قدمی شروع کی لیکن حارث سہیل نے ولیمسن کو32 پر پویلین لوٹادیا۔154 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد میچ پاکستان کی گرفت میں تھا لیکن گرینڈ ہوم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ انہوں نے نکولس کے ساتھ محض 65 گیندوں پر 109 رنز کی شراکت قائم کی ۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے42رنز دے کر تین شکار کیے۔ رومان رئیس 59اور حارث سہیل29رنز کے عوض ایک ، ایک وکٹ لے سکے۔ محمد عامر نے36،حسن علی نے60 اور فہیم اشرف33رنز دیے۔ 
تازہ ترین