• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب گیند لگنے سے ان فٹ ، پانچویں ون ڈے میں شرکت مشکوک

ہملٹن (جنگ نیوز) سابق کپتان شعیب ملک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ایک روزہ میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے انجرڈ ہوگئے۔ہملٹن میں کھیلےگئے چوتھے ون ڈے میچ میں حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لئے آئے تاہم اگلے ہی اوور میں سر پر گیند لگنے کے سبب وہ زمین بوس ہو گئے۔ مچل سینٹنر کی گیند پر انہوں نے رن لینے کی کوشش کی لیکن محمد حفیظ نے دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا جبکہ اس دوران نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے کور سے آ کر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو شعیب ملک کے سر پر لگی جو اس وقت بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پویلین لوٹنے کے بعد شعیب ملک کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور ان میں چوٹ کے کچھ آثار نظر آئے۔ قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وی پی سنگھ کے مطابق شعیب ملک ابھی ٹھیک ہیں ۔ تاہم طبی عملے کے مشورے پر انہوں نے میچ میں مزید حصہ نہیں لیا۔ شعیب ملک کی انجری کے سبب سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں شرکت بھی مشکوک نظر آتی ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ حتمی فیصلہ میچ سے قبل کرے گی۔
تازہ ترین