• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطالبات کی عدم منظوری پر سرکاری جامعات میںتدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا، فپواسا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) سندھ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے موجودہ چیئر مین ڈاکٹر عاصم حسین کی جگہ ادارے میں میرٹ پر اشتہار کے ذریعے پی ایچ ڈی ماہر تعلیم کی تقرری ،جامعات میں ریٹائر ڈ افسران کو ہٹانے گورنر ہائوس میں روکے گئے اساتذہ کے ہارڈ شپ کیسز کی فوری بحالی اور سندھ ترمیمی ایکٹ میں فوری تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سندھ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر فوری طور پر یہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو 24 جنوری کو سندھ بھر کی سرکاری جامعات میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ کیا جائے گا جبکہ 30 جنوری سے سندھ بھر کی سرکاری جامعات بند کردی جائیں گی یہ بات فپواسا سندھ کے سربراہ ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری اور پروفیسر ڈاکٹر مینوخان لغاری ،جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی اور فپواساپاکستان کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر شکیل فاروقی ،عرفانہ ملاح ودیگر نے جامعہ کراچی میں منعقد ہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی انہوں نے بتایا کہ سندھ کے بعض وائس چانسلر ز نے اسلام آباد میں فپواسا پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے ۔وفاقی اور سندھ ایچ ای سی کے مابین جاری رسہ کشی سے جامعات کا نقصان ہورہاہے ،انہوں نے گورنر ہائوس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہائوس نے گذشتہ 09 ماہ سے اساتذہ کے ہارڈ شپ کیسز روکے ہوئے ہیں اساتذہ ریٹائرڈ ہورہے ہیں ،اساتذہ جو اہل ہیں ان کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔فپواسا نے مطالبہ کیا کہ یہ اختیار جامعات کی سنڈیکیٹ کو دیا جائے ۔اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ ترمیمی ایکٹ 2013 ء کے نفاذ نے جامعات کی خودمختاری کے حق کو سلب کیا ہے اس ایکٹ کے تحت حکومت سندھ رجسٹرار اور ناظم امتحانات ،آڈیٹرز اور دیگر کا براہ راست تقررکررہی ہے ۔اساتذہ نے بعض جامعات کے وائس چانسلر کی جانب سے استذہ سے توہین آمیز رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جامعات میں ریٹائرمنٹ کے بعد تعینات کئے گئے افسران کو فی الفور فارغ کیا جائے ،جامعات پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاک اسکالرشپ میں اضافہ کیا جائے۔ جامعات کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے جامعات کا بجٹ اونٹ کے منہ میں زیراہے سندھ حکومت مالی بجٹ میں اضافہ کرے حالیہ صورتحال میں حفاظتی اقدامات کئے جائیں ،کمپائونڈ وال تعمیر کی جائے جبکہ غیر پی ایچ ڈی وائس چانسلر ز برطرف کئے جائیں۔
تازہ ترین