• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج

کراچی(جاوید رشید) جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا گیا،مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی ہدایت پر قیادت سے وابستہ سرکردہ رہنمائوں ، عہدیداروں ، کارکنوں اور حریت پسند نوجوانوں نے جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی ،بنیادی انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں، NIA اور EDجیسے بھارتی تفتیشی اداروں کے تحت کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں اور اب CASO کی مہم کے سلسلے میں کریک ڈائون ، چھاپوں ، گرفتاریوں اور نہتے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کارروائیوں ، مزاحمتی قیادت کی خانہ و تھانہ نظر بندیوں اور ایک نہ دوسرے بہانے سرینگر شہر کے بیشتر علاقوں کو کرفیو اور بندشوں کی زد میں لانے کیخلاف مرکزی جامع مسجد سرینگر سے ایک پر امن احتجاجی جلوس نکالاگیا۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلےکارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن میں دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کرو، کشمیریوں کا قتل عام بند کرو،اندھا دھند گرفتاریاں بند کرو، کشمیری سیاسی قیدیوں کو غیر مشروط رہا کرو،انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرو، اور NIA ، ED اور CASO کے تحت غیر انسانی کارروائیاں بند کرووغیرہ نعرے درج تھے ۔مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں ریاستی وزیراعلیٰ کے نام نہاد اسمبلی میں دیئے گئے بیان جس میں موصوفہ نے مزاحمتی قیادت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بات چیت کے عمل سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں کو ان کی سیاسی بصیرت کا فقدان قرار دیتے ہوئے واضح کیاہے کہ مزاحمتی قیادت کبھی بھی پائیدار اور جامع مذاکرات کی مخالف نہیں ہے لیکن جہاں یہ عمل بھی کشمیری مزاحمت کو ختم کرنے کیلئے جاری ملٹری آپریشن آل آئوٹ کا حصہ ہو وہاں نام نہاد بات چیت کو ایک ڈرامہ اور مفروضہ کے سوا کوئی اور نام نہیں دیا جاسکتاادھر جموں کشمیرمحاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر، شبیر احمد بابا اور محمد یوسف کے ہمراہ محاذ کے ضلع صدر منظور احمد بٹ کی جیل سے رہائی کے بعدان سے ملنے کیلئے ان کے گھر گئے ۔محمد اقبال میر نے وہاں جمع ہوئے پارٹی ورکروں سے بات کرتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہا رکیا کہ اکثر پولیس تھانوں کو نازی کیمپوں میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں سیاسی قیدیوں کو اخلاقی مجرموں کے ساتھ حوالات میں بندرکھا جارہا ہے مارا پیٹا جارہا ہے اور تذلیل آمیز سلوک کیا جارہاہے جسکی تازہ مثال مسلم لیگ کے سجاد احمد ہے جسکو پولیس تھانے میں بے دردی سے مارا پیٹا گیا دریں اثنا ءجموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے کشمیری عوام کواپنے حق و انصاف پر مبنی جدوجہد سے باز رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ کی تاریخ جوں جوں قریب آرہی ہے پورے کشمیر کو مزید فوجی چھائونی میں تبدیل کیا جارہا ہے اس طرح حکمران ٹولہ خود نام نہاد جمہوریت کے غبارے سے ہوا نکال رہی ہے ادھر حریت لیڈر و چیئرمین سالویشن موومنٹ ظفر اکبر بٹ نے شہید ریاض رسول کی برسی اور عام شہری محمد ایوب بٹ مول چتراگام جو کہ بٹہ مورن شوپیاں معرکہ کے دوران فورسز کی تین گولیا ں لگنے سے زخمی ہوا تھا زندگی کی جنگ ہار گیا اور شہادت کا مقام حاصل کیا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی قربانیاں رایئگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنے جائز آواز حق خود ارادیت کی تحریک کو حصول مقصد تک جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین