• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین سے کشیدگی، بھارت سرحدی فوج کیلئے 60 ارب روپے کااسلحہ خریدے گا

نئی دہلی (اے ایف پی) بھارت اپنی متنازع سرحدی حدود پر تعینات سرحدی فوج کے لئے 60 ارب روپے سے زائد مالیت کی ایک لاکھ 60 ہزار بندوقیں خریدے گا، یہ بات بھارتی وزارت دفاع نے بتائی۔ بھارت کی اپنی سرحدوں پر چین اور پاکستان دونوں کے ساتھ کشدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارتی وزیردفاع نرملا ستھرامان کی زیرقیادت دفاعی کونسل نے 72 ہزار 400 رائفلز اور93ہزار 895چھوٹی بندوقیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے جس کی مالیت 55 کروڑ 30 لکھ ڈالر یعنی 60 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ وزارت دفاع نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ ان ہتھیاروں کی خریداری کا مقصد دفاعی افواج کو سرحدوں پر تعینات اہلکاروں کی فوری ضروریات حل کرنا ہے۔ نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت نے دفاع کے شعبے میں کئی معاہدے کئے ہیں۔ دنیا میں اسلحہ درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بھارت سویت دور کے اپنے فوجی سازوسامان میں جدت لانے کے لئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے تاکہ جوہری ہتھیاروں سے لیس اپنے دو پڑوسی ممالک چین اور پاکستان کے ساتھ جاری علاقائی حدود کے تنازع کو حل کرسکے۔
تازہ ترین