• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفوں کا وقت گزرگیا،مانگنے والوں کو دینے پڑگئے، ایسی ذلت سے سیاست چھوڑنا بہتر ہے، ن لیگ

Todays Print

لاہور / اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ (ن) نے لاہور میں اپوزیشن کے جلسے اور ان کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفوں کا وقت گزر گیا ہے جو لوگ استعفیٰ مانگنے آئے تھے انہیں دینے پڑ گئے ، ایسی ذلت سے سیاست چھوڑنا بہتر ہے ۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اہلِ لاہور کی دانشمندی کو سلام !استعفے مانگنے والوں کو استعفے دینے پڑ گئے ! اللہ کی شان ! مہروں کو احکامات بجا لانے کیلئے کیا کیا کرنا پڑتا ہے ، جس کو گالی دی ہو اسی کا ہاتھ پکڑنا پڑ جاتا ہے! ایسی ذلت سے سیاست چھوڑ دینا بہتر ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ اسلام میں ایک مومن کا دوسرے مومن پر لعنت بھیجنا گناہ ہے ،ٹھگوں کو شیطانی اتحاد کھل کر سامنے آگیا ۔ وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا کہ پہلے 2؍ کزن تھے اب 3؍ ہوگئے ، یہ نمبر 9تک پہنچے گا، تاریخ میں 9؍ ستارے سب کو یا دہیں ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی کزنز نامعلوم نجومیوں کی پیشگوئی اور امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے ہیں،مصطفی کمال سمیت سب اکٹھے ہو جائیں تو بھی نون لیگ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ آج پاور فل شو کی کوشش کی گئی جو کہ پاور لیس شو تھا ۔ ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ جلسہ کرنے والے قوم کو گمراہ کررہےہیں ، شیخ رشید پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کررہا ہے۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ لاہور احتجاج 2014ء کے دھرنوں کا تسلسل ہے، طاہر القادری اور عمران خان نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا ، یہ مجرم ہیں ان کیخلاف تحقیقات نہیں ہو رہی ہیں۔ تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے کہا ہے آصف زرداری، عمران خان اور طاہر القادری ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، لاہور کے عوام مجھے بلائیں، ان لوگوں کو پکڑنا ہے اور جیلوں میں ڈالنا ہے، ان تینوں کو ڈنڈوں کی اشد ضرورت ہے، آصف علی زرداری سندھ کے ڈاکو ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کا ڈاکو عمران خان ہے، جہانگیر ترین کا صرف نام مشہور ہے، پیسہ خیبرپختونخوا کی کرپشن سے آتا ہے،جہانگیر ترین کے پاس اتنا پیسہ نہیں ۔ علاوہ ازیں ملتان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے احتجاجی ریلی نکالی جس میں عمران خان ، طاہر القادری اور آصف علی زرداری کی تصاویر جلائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں عمران خان کے خطاب پرر دعمل ظاہر کرتے ہوئےکہاکہ اہلِ لاہور کی دانشمندی کو سلام !استعفے مانگنے والوں کو استعفے دینے پڑ گئے ! اللہ کی شان !میاں صاحب نے میرے ٹویٹ کے جواب میں اکبر الٰہ آبادی کا یہ شعر پڑھا:اکبر نے سنا ہے اہلِ غیرت سے یہی ،جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا!۔ مریم نواز نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ مہروں کو احکامات بجا لانے کے لیے کیا کیا کرنا پڑتا ہے ۔ جس کو گالی دی ہو اسی کا ہاتھ پکڑنا پڑ جاتا ہے! ایسی ذلت سے سیاست چھوڑ دینا بہتر ہے !مگر لاہور نے تو سننے سے بھی انکار کر دیا !۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کے سیاسی کزنز نامعلوم نجومیوں کی پیشگوئی اور امپائر کی انگلی کا انتظار کرتے ہیں،مصطفی کمال سمیت سب اکٹھے ہو جائیں تو بھی نون لیگ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،لاہور اجتماع سانحہ ماڈل ٹاؤن کےلئے نہیں سیاسی مفادات کےلئے ہے،سیاسی کزن اپنے صوبوں میں مکمل ہونے والے کسی ایک منصوبے کا نام نہیں بتا سکتے، اب یہ فکس میچ نہیں چلے گا، الیکشن میں عوام کا میچ چلے گا جس کو ووٹ ملے گا وہی اقتدار میں آئے گا،جذبے کیساتھ ہر 2؍ سال بعد کنٹینر تیار ہوتا ہے، ماڈل ٹاؤن واقعے پر سیاست کرنے والوں کو آج جواب مل چکا ہے، اب وہ قصور کے سانحے پر سیاست کر رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک مومن کا دوسرے پر لعنت بھیجنا گناہ ہے، عمران شرع اور اخلاقیات سے نابلد ہیں، آوارہ لڑکوں سی عادات کا حامل وزیر اعظم بننا چاہتا ہے، بدنیت اور بد دیانت عمران جو چاہے کر لے نامراد ہی رہے گا ، دوسروں پر کیچڑ اچھال کر اپنے آپ کو دیوتا ثابت کرنا عمران کی فطرت ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عادی جھوٹوں، بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کھل کر سامنے آ گیا ، آصف زرداری کے کرتوتوں نے پیپلز پارٹی جیسی بڑی جماعت کو بھی تانگہ پارٹی بنا دیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ مشترکہ جلسے میں اہل لاہور کی عدم شرکت شیطانی اتحاد پر عدم اعتماد ہے ۔ ایک دوسرے کو چور کہنے والے اکٹھے کیسے ہو گئے ۔ دنیانے دیکھ لیا اور ان لوگوں کے اصل ارادے بھی بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ لوٹ کے مال سے سیاسی لوٹے خریدے جا سکتے ہیںمگر عوام کے ووٹ نہیں ۔ ادھر وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پہلے دو کزن تھے اب تین ہوگئے ہیں ، یہ نمبر 9تک پہنچے گا ‘تاریخ میں 9ستارے سب کو یا دہیں‘سانحہ ماڈل ٹاؤن کا فیصلہ سڑک پر نہیں عدالت میں ہوگا،طاہر القادری کے کیس میں ایف آئی آر کیوں تبدیل کرائی گئی ،40لوگوں کے فارورڈ بلاک والی بات جھوٹ نکلی ،عمران خان کو اس پر قوم سے معافی مانگنی چاہئے، جاوید ہاشمی کے بیان کی آج تک پی ٹی آئی نے تردید نہیں کی،کہاں گئے خیبر پختونخوا کے 350؍ پاور سٹیشن ، کہاں گئے ایک ارب درخت ؟ بلوچستان میں سانپ اور سیڑھی کا کھیل کھیلا جارہا ہے، عاصم حسین تو کھلے پھر رہے ہیں۔

تازہ ترین