• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کیوں نکالا کا جواب شہباز سے لیں، عمران کو سیاست سکھا دیں گے،بلاول بھٹو

Todays Print

بدین (محمد حنیف زئی/نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف مجھے کیوں نکالا کا جواب چھوٹے بھائی شہباز شریف سے لیں اور اسے سنبھالیں، میاں برادران قوم کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتے، تبدیلی کا نعرہ لگاتے تحریک انصاف تبدیل ہوگئی، اصل جنگ دو لاڈلوں کی ہے، ملک کو نواز اور عمران کے سہارے نہیں چھوڑسکتے، قوم ڈرامہ باز شریفوں کی اصلیت جان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دو لاڈلوں کی لڑائی ہے کیوں کہ ایک لاڈلہ کہتا ہے میرے اثاثے ہیں تو اسے کہا جاتا ہے کہ تمہارے اثاثے نہیں ہیں، عمران خان کو سیاست سکھا دیں گے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کا احترام کرتی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کبھی پارلیمنٹ کی توہین کی توثیق نہیں کرے گی۔ ضلع بدین کے قصبے راہوکی میں معروف ہاری رہنما شہید فاضل راہو کی اکتیس ویں برسی کے موقع پر گزشتہ روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ بلھے شاہ کے شہر میں درندے گھس آئے ہیں، وہاں بچوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے، ہماری معصوم زینب پر ظلم ہوا ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے قصور میں ایسے واقعات تسلسل سے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زینب کے قاتل تمام ثبوت ہونے کے باوجود آزاد گھوم رہے ہیں، حکمران ٹولہ اس واقعہ کو سازش قرار دے رہا ہے مگر اس زینب کے قاتل کو گرفتاری کا مطالبہ کرنا کہا ں کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں کے یہ واقعات پنجاب تک محدود نہیں مگر سندھ حکومت نے چائلڈ پروٹیکشن بل بنا کر بچوں کو تحفظ فراہم کر دیا ہے انکا مستقبل محفوظ کر دیا ہے دوسرے صوبے بھی سندھ حکومت کی تقلید کریں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے اپنی سیاست کے لئے انصاف کی تحریک کا شوشہ چھوڑ دیا ہے مگر قصور کے معصوم بچوں کو انصاف فراہم کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراصل میاں نواز شریف اپنی سیاسی عمر پوری کرچکے ہیں اور اب انہیں اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہئیے، میاں صاحب نے تمام عمر جس کی گود میں بیٹھ کر سیاست کی اور سیاسی تربیت حاصل کی وہ نہ اب گود رہی ہے اور نہ وہ ہاتھ رہا ہے جو انہیں جیل سے نکال کر بیرون ملک بھجوا دیتا ہے۔

تازہ ترین