اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے پی سی او ججز کی طرف سے توہین عدالت کے نوٹسز کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں غیر موثر ہونے پر نمٹا دیں ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے پی سی او ججز افتخار حسین چوہدری ، حامد علی شاہ ، حسنات احمد خان اور شبر رضا رضوی کی طرف سے دائر انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت نے پی سی او ججز کی اپیلیں نمٹا دی ہیں ۔ ہم توہین عدالت کے مقدمات میں شوکاز نوٹس واپس لے چکے ہیں جس کے باعث درخواست غیر موثر ہو چکی ہیں ۔ یاد رہے کہ عدالت نے پی سی او ججز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا ۔ ان نوٹسسز کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی گئی تھیں ۔