• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروین رحمان قتل کیس، لگتا ہے پولیس اپنی ناکامی چھپارہی ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے کراچی کے لینڈ مافیا کی جانب سے معروف سماجی کارکن اور اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو قتل کرنے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران مقدمہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے سے متعلق معاملہ میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت میں حاضر ہونے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار ہیومین رائٹس کمیشن کے وکیل بیرسٹرراحیل کامران پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سندھ پولیس کے جن اہلکاروں نے کیس کی تحقیقات کی ہیں۔ انھوں نے ہی کیس کو بگاڑدیا ہے ، جس پر جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایسے لگتاہے کہ پولیس اپنی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے ، 2013میں ایک سماجی کارکن کاقتل ہوا ہے اور پولیس سے اب تک اس کے ملزم نہیں پکڑے گئے ، جس پر ڈی آئی جی سندھ نے بتایا کہ اس حوالے سے پانچ ملز مان گرفتار کرلیے ہیں اور ان میں سے ایک نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے ،جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ کیاپولیس کو تحقیقات کرنانہیں آتی، کیا آپ کاکام اب اعتراف جرم پر ہی چلتاہے؟ جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا جس ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کیا ہے وہ ٹرائل کے دوران عدالت میں اس سے انکار کردے گا،پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کرتی ، جس پر ڈی آئی جی نے بتایاکہ جن پولیس اہلکاروں نے کیس خراب کیا ہے ان کیخلاف محکمانہ کارروائی چل رہی ہے ۔
تازہ ترین