• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماڈل ٹائون کے شہدا کو انصاف ملنا چاہئے، احتجاج سے لوگوں کو اذیت اور کاروبار تباہ ہوتا ہے، سیاسی،سماجہ رہنمائوں کا ردعمل

ہیلی فیکس( زاہد انور مرزا) سیاسی، سماجی حلقوں نے لاہور میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے دیئے جانے والے احتجاجی جلسے پر اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کے شہدائے کو انصاف ضرور ملنا چاہئے مگر احتجاج سے لوگوں کو اذیت اور کاروبار کو تباہ نہ کیاجائے۔ دھرنوں سے پی ٹی آئی اور ڈاکٹر طاہر القادری کچھ حاصل نہ کرسکے، لوگوں کے کاروبار تباہ ہوئے مگردونوں جماعتیں حکومت سے کوئی مطالبہ منظور کروانے میں کامیابی حاصل نہ کرسکی ان حلقوں کا مزید کہنا تھا کہ اب جبکہ الیکشن سر پر ہیں تو اس احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں راجہ امجد اقبال اور چوہدری ندیم قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔ اس لئے احتجاج وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون کے شہدا کو کئی سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہ مل سکا ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب قصور میں معصوم بچی زینب کے ملزم کو ابھی تک گرفتار نہ کرواسکے جس سے پولیس سوالیہ نشان بن چکی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ برطانیہ کے صدر اسد بٹ نے کہا کہ طاہر القادری کینیڈا سے چھٹیاں گزارنے کیلئے پاکستان چند ہفتوں کیلئے گئے ہیں پیپلزپارٹی کو پنجاب سمیت پورے پاکستان میں آئندہ آنے والے الیکشن میں اپنی سیاسی موت نظر آرہی ہے اور آصف زرداری اب طاہر القادری کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چکوال کے الیکشن سے ان کو معلوم ہوجانا چاہئے تھا کہ عوام کی طاقت پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت احتجاج کرنے والوں کو اایک الگ جگہ فراہم کرے اس طرح کے احتجاجوں سے عوام کو اذیت اور کاروبار تباہ ہورہا ہے اپوزیشن ماڈل ٹائون کے نام پر سیاست چمکانے کی کوشش کررہی ہے جس سے ملک وقوم کا نقصان ہوگا۔پی ٹی آئی کی رہنما سیدہ عائشہ رضا نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو انصاف فراہم کرنے میں مخلص نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون اور مقتول زینب کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا خوش آئند ہے۔ جنگ سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہد کا کہنا تھا کہ کیا یہ احتجاج حصول انصاف کیلئے ہے کیا ن لیگ کو اپنی طاقت اور جھوٹی سیاست چمکانے کے لئے ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن کو چند ماہ بعد ہونے کو ہے الیکشن میں اپنی طاقت شعر کرنی چاہئے کیونکہ عوام کا فیصلہ سب کے سامنے ہوگا اس طرح ملک وقوم کا نقصان نہ کیاجائے،وقت آگیا ہے کہ ملک کیلئے کام کریں اور الیکشن کا انتظار کیاجائے۔
تازہ ترین