• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب نے برسلز میں قائم مسجد اور اسلامک سینٹر کی ذمہ داریاں چھوڑ دیں

برسلز (حافظ انیب راشد ) سعو دی عرب نے یورپ اور بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں قائم سب سے بڑی مسجد اور اسلامک سنٹر کی ذمہ داریاں چھوڑ دیں۔ سینٹر اور مسجد کے معاملات اب مقامی مسلمانوں کی تنظیم دیکھے گی ۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز برسلز میں سعودی عرب اور بلجیم کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران طے پایا ۔بلجیم میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے اس اسلامک سینٹر پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ اس نے عراق اور شام کی لڑائی میں حصہ لینے کیلئے جانے والے مسلم نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنے میں کردار ادا کیا جس پربلجیم میں قائم ہونے والی پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ سعودی عرب نے اس الزام کی ہمیشہ سختی سے تردید کی ہے۔ اس الزام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ مسئلہ تنازع کا سبب بنا ہوا تھا جسے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد حل کر لیا گیا ہے ۔ سعودی عرب اس سینٹر کے حوالے سے تمام ذمہ دار یوں سے سبکدوش ہو گیا ہے جس کے بعد اس مسجد اور سینٹر کے معاملات مسلمانوں کی مقامی تنظیم دیکھے گی ۔ یاد رہے کہ بلجیم کے بادشاہ بودویں نے شاہ فیصل مرحوم کی خواہش پر مسجد کی موجودہ جگہ 99 سال کی لیز پر دی تھی جس پر سعودی سرمایہ سے اس وقت کی سب سے بڑی مسجد تعمیر کی گئی جس کا ڈیزائن اپنے دور کے معروف بلڈنگ ڈیزائنر ارنسٹ وان ہیمبیک نے تیار کیا تھا مسجد کا افتتاح 1978 میں کیا گیا جس کے بعد سے اسلامک سینٹر کے تمام اخراجات سعودی عرب برداشت کر رہا تھا ۔
تازہ ترین