• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ جتنی دھمکیاں دیں پاکستان دفاع کرنا جانتا ہے، غلام ربانی

برسلز( عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے سابق کوآرڈینیٹر اور سینئر رہنما غلام ربانی ربانی بابو بھائی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جتنی مرضی دھمکیاں دیں پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑ کر پوری دنیا پر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ امن کی خاطر ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیان سے پاک ، امریکہ دوستی کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ خوشامدی کی پالیسی کو ترک کرکے خود داری کے راستے کو اختیار کریں حکومتوں کو دوام دینے کیلئے ہمارے حکمرانوں نے امریکی غلامی کا جو طوق پہن رکھا ہے اس سے پاکستان کبھی بھی ترقی یافتہ صفوں میں شامل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان نے ہمیشہ امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور اسے یہ باور کرایا کہ پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کو ترجیح دی ہے۔ بابو بھائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہماری لیڈر شپ کی نااہلیوں نے پوری دنیا میں ملک کی رسوائی اور جنگ ہنسائی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف وزارت عظمی کا عہدہ چھوڑنے کے باوجود آج تک حکومت کے کاموں  میں رخنے اور دشواریاں ڈالے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے اور آج تک اپنی بیگناہی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب مثبت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اور نااہل لیڈران کے جگہ جگہ جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرنی چاہئے جو کہ صرف وقت اور پیسے کے ضیاع کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوکر پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت میں تبدیل کریں اور اپنے ووٹ کو ماسوائے اہل اور ایماندار قیادت کے کسی بھی سیاسی، سماجی، لسانی، کاروباری، گروہی اور برادری کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ انہوں نے معصوم زینب کے بہیمانہ قتل پر افسوس کااظہار کیا اور کہا کہ معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور قتل حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے، ایسے واقعات سے ملک کی بدنامی ہورہی ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسی وارداتوں کے مرتکب مجرموں کے خلاف سخت قانون سازی کریں تاکہ دوبارہ ایسی کارروائیوں کی روک تھام کی جاسکے۔ بابو بھائی نے بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں شہید ہونے والے جوانوں کو ملکی سلامتی کی خاطر جانوں کے نذرانوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی آزادی سے کم مذاکرات پر کبھی بھی راضی نہ ہوگا۔
تازہ ترین