• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں عوام سے مینڈیٹ لیکر سیاسی جماعت نے کام نہیں کیا،وزیر بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ ماضی میں جس سیاسی جماعت کو کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیا اس جماعت نے کراچی کے پانی، سیوریج اور گاربیج سمیت کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کیا۔ مئیر کراچی سے پوچھیں کہ شارع فیصل کے باقی ماندہ کام کو کیوں مکمل نہیں کیا جارہا۔ 2015 کے بعد سے اب تک کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت سائوتھ اور ایسٹ کے اضلاع میں چائنا کی کمپنی کے اشتراک سے صفائی ستھرائی کے کام کے آغاز کے بعد آج ان دونوں اضلاع میں صفائی کی حالت عوام کے سامنے ہے۔ آج ملیر میں اس کام کےآغاز کے بعد جلد ہی ویسٹ اور ڈسٹرکٹ کونسل میں بھی کام کا آغاز کیا جارہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ضلع ملیر کے تحت چائنا کی کمپنی ہینگ جوہو زنگ زی یانگ کے تحت صفائی کے معاہدے کے بعد ملیر ڈسٹرکٹ میں صفائی کے کام کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع ملیر پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو، چئیرمین ضلع ملیر جان محمد بلوچ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی اے ڈی سنجارانی، وائس چئیر مین ضلع ملیر عبدالخالق مروت، میونسپل کمشنر عمران اسلم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جام خان شورو نے کہا کہ آج کراچی کے ایک اور اضلاع ملیر میں چائنا کی کمپنی کے اشتراک سے صفائی ستھرائی کے کام کا آغاز کیا جارہا ہے اس سے نہ صرف ملیر اور لانڈھی سے روزانہ کی بنیادوں پر 700 میٹرک ٹن کچراگاربیج سینٹر پر منتقل کیا جائے گا اور اس کے لئے 119 سے زائد نئی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر میں 3300 کے قریب چھوٹے اور بڑے ڈسٹ بین لگائیں جائیں گے جبکہ اس کے لئے ضلع ملیر کے موجودہ سینٹری ورکرز کے ساتھ ساتھ چائنا کی کمپنی کے ملازمین بھی جن کی کل تعداد 400 سے زائد ہوگی دو شفٹوں میں کام کریں گے۔
تازہ ترین