• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینڈرنگ میں شفافیت کیلئے بلدیہ عظمیٰ سیپرا سے معاہدہ کریگی،مئیر

کراچی( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے امور میں شفافیت لانے کے لئے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (SPPRA) کے ساتھ معاہدہ کرے گی تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سیپرا کے مکمل رولز کے مطابق ٹینڈرنگ کے امور انجام دے سکیں اورسیپرا کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے شہر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو موثر بنا کرشہریوں کی توقعات پر پورا اترسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی صبح سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں SPPRA کے تعاون سے منعقد ہونے والی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر SPPRA خالد چاچڑ، ڈائریکٹرSPPRA جاوید صبغت اللہ مہربھی موجود تھے، میئر کراچی نے ورکشاپ میں شرکت کرنے والے کے ایم سی افسران پر زور دیا کہ وہ اس ٹریننگ میں بھرپور دلچسپی لیں اور ٹینڈرنگ کے عمل سے متعلق قواعد و ضوابط کو اس طرح سمجھیں کہ نہ صرف یہ ان کے اپنے لئے بلکہ محکمے کے لئے بھی مفید ثابت ہو اور وہ کسی دبائو میں آئے بغیر پیش آنے والی مشکلات سے نبردآزما ہوسکیں انہوں نے کہا کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں معیاری اور مستند کنٹریکٹرز کی شرکت سے ترقیاتی کاموں کا معیار بلند ہوگا اور شہریوں کے مفاد میں بنائے جانے والے منصوبے زیادہ موثر اور کامیاب ثابت ہوں گے، ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر SPPRA خالد چاچڑ نے کہا کہ میئر کراچی کی تجویز کے مطابق سیپرا بہت جلد کے ایم سی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرے گا تاکہ CIIM کے ذریعے SPPRA سرٹیفائیڈ تربیت مہیا کرتے ہوئے افسران کی تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہے ۔
تازہ ترین